پی ایس ایل 3 میں کھلاڑیوں کی نگرانی کیلئے 2 انٹیگریٹی آفیسرز تعینات کرنے کا فیصلہ

پی ایس ایل 3 میں کھلاڑیوں کی نگرانی کیلئے 2 انٹیگریٹی آفیسرز تعینات کرنے کا فیصلہ

لاہور: پی ایس ایل تھری کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی کڑی نگرانی کا فیصلہ کر لیا . ذرائع کے مطابق ایڈیشن 2میں اسپاٹ فکسنگ کیس کے بعد سے یہ فیصلہ کیاگیا. اس سلسلے میں پی سی بی نے 2انٹیگریٹی آفیسرز کی بھرتی کا بھی فیصلہ کیا ہے.

انٹیگریٹی آفیسر کی عارضی تعیناتی کے لیے تلاش شروع کردی گئی ہے، جس کے لیے پی سی بی کی جانب سے اخبارات میں اشتہار بھی دیا جاچکا ہے۔

اشتہار کے مطابق انٹیگریٹی آفیسر کے لیے ریٹائرڈ آرمی افسران کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ اس سلسلے میں انٹیلی جنس کا کورس کرنے والوں کو بھی فوقیت دینے کا امکان ہے۔

تاہم انٹیگریٹی آفیسرز کی تعیناتی کے ساتھ ساتھ پی سی بی کا اینٹی کرپشن یونٹ بھی اپنی نگرانی معمول کے مطابق جاری رکھےگا۔

یاد رہے کہ پی ایس ایل سیزن تھری کا آغاز اگلے ماہ 22 فروری سے ہوگا، جس کے میچز متحدہ عرب امارات، سیمی فائنلز لاہور میں  جبکہ فائنل  کراچی میں کھیلےجائے گا۔