سری لنکا میں جم کے فحش اشتہار پر طوفان مچ گیا

سری لنکا میں جم کے فحش اشتہار پر طوفان مچ گیا

کولمبو:سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں واقع جم کے نئے اشتہار نے عوام کو اشتعال دلا دیا جس میں ایک خالی ڈرم کو عورت کے جسم سے تشبیہ دیتے ہوئے اشتہار میں لکھا 'عورت کی ایسی ساخت نہیں ہونی چاہیے۔


تفصیلات کے مطابق کولمبو کے اوسمو جم نے شہر کے مضافاتی علاقے میں بل بورڈ پر ایک اشتہار لگایا جس میں یہ پیغام درج تھا اور لگنے کے فورا بعد ہی سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بحث چھڑ گئی۔کئی لوگوں نے اس بل بورڈ کی تصویر سوشل میڈیا پر شائع کی اور اپنے غم و غصے کا اظہار کیا کہ اس اشتہار میں باڈی شیمنگ اور جنسی تعصب کا ہیغام دیا ہے۔احتجاج کرنے والوں نے ہیش ٹیگ بائیکاٹ اوسمو کا استعمال کیا جبکہ دوسروں نے فیس بک پر اوسمو جم کو مخاطب کر کے کہا کہ وہ اس اشتہار کو واپس لیں لیکن جم کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا اور اس اشتہار کی تصویر ان کے اپنے پیج پر لگی رہی۔


سماجی کارکن ماریسا ڈی سلوا نے کہا کہ یہ اشتہار عورتوں کے جسم کے بارے میں ہے اور جنسی تعصب کی واضح مثال ہے۔ اشتہاروں کی صنعت ہمیشہ عورتوں کو چیزیں بیچنے کے لیے استعمال کرتی ہیں جیسے کبھی گاڑی کے اشتہار یا پرفیوم جہاں عورتوں اور ان کے جسم کو جنسی طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ یہ اشتہار بھی اسی نوعیت کا ہے جہاں عورتوں کے جسم کے خد و خال کو نشانہ بنایا گیا اور ان کو بتایا گیا کہ عورتوں کی معقول جسامت کیسی ہونی چاہیے۔اس اشتہار کے آنے کے بعد سے ماریسا نے چند اور خواتین کے ساتھ مل کر اس کے سد باب کے لیے کام کرنا شروع کر دیا۔

ان میں سے ایک خاتون نے اوسمو جم کے مارکیٹنگ مینیجر کو فون کر کے شکایت کی لیکن انھیں بتایا گیا کہ اشتہار میں استعمال ہونے والی تصویر کی کمپنی سے اجازت نہیں لی گئی تھی لیکن انھوں نے اشتہار کو واپس لینے کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔چند اور لوگوں نے اس علاقے کے معاملات دیکھنے والے وزیر ہرشا ڈی سلوا سے رابطہ کیا اور انھیں اشتہار کے بارے میں بتایا۔ جواب میں ہرشا ڈی سلوا نے ٹویٹ کی جس میں انھوں نے کہا کہ 'میں نے کولمبو کے میونسپل کونسل کمشنر سے کہا ہے کہ اس غیر منظور شدہ اشتہار کو اتارا جائے اور کوٹے کے علاقے میں ایسے چیزوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔