فلسطین نے اسرائیل کے ساتھ امن عمل شروع نہ کیا تو امداد بند کر دیں گے : ٹرمپ

فلسطین نے اسرائیل کے ساتھ امن عمل شروع نہ کیا تو امداد بند کر دیں گے : ٹرمپ

ڈیووس:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلسطینیوں کو ایک مرتبہ پھر دھمکی دی ہے کہ اگر انھوں نے اسرائیل کے ساتھ امن عمل شروع نہیں کیا تو ان کو امریکا کی طرف سے ملنے والی مالی امداد روک دی جائے گی۔


اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ فلسطینیوں نے نائب صدر مائیک پینس سے ان کے حالیہ دورے کے موقع پر ملاقات نہ کر کے امریکا کی توہین کی ہے۔ وہ مشرقِ وسطی میں امن چاہتے ہیں اور وہ یہ توقع کرتے ہیں کہ فلسطینیوں میں معتدل ذہن کے لوگ امن کے لیے آگے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین نے ایک ہفتہ قبل ہی ہمارے عظیم نائب صدر سے ملاقات نہ کرکے ہماری توہین کی ہے حالانکہ ہم انھیں امداد کی شکل میں لاکھوں ،کروڑوں ڈالرز دیتے ہیں۔یہ ان گنت رقم ہے۔اب انھیں اس وقت تک امدادی رقم نہیں ملے گی ،جب تک وہ اسرائیلیوں کے ساتھ میز پر نہیں بیٹھ جاتے اور امن مذاکرات نہیں کرتے۔