نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کیلئے نئی درخواست دائر

 نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کیلئے نئی درخواست دائر
کیپشن: درخواست میں قومی احتساب بیورو، احتساب عدالت اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی طبی بنیادوں پر سزا معطلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نئی درخواست دائر کر دی گئی۔

درخواست خواجہ حارث ایڈووکیٹ کے ذریعے اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی جس میں قومی احتساب بیورو، احتساب عدالت اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ سزا کے خلاف زیر سماعت اپیل کے فیصلے تک احتساب عدالت کا فیصلہ معطل کیا جائے اور العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا معطل کر کے نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ضمانتی مچلکوں کے عوض رہا کیا جائے۔

درخواست کے ساتھ اسپیشل میڈیکل بورڈ کی 17 جنوری کی رپورٹ بھی جمع کرائی گئی ہے۔