زرداری کا کیس نواز شریف اور شہباز شریف سے زیادہ خطرناک ہے، شیخ رشید

زرداری کا کیس نواز شریف اور شہباز شریف سے زیادہ خطرناک ہے، شیخ رشید
کیپشن: چیئرمین نیب سے درخواست ہے وائٹ کالر کرائم کے خلاف کام تیز کریں، شیخ رشید۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ملک دیوالیہ ہونے جارہا تھا، عمران خان نے دوست ممالک کے تعاون سے ملک کی معیشت بچائی اب پاکستان میں ایسی سرمایہ کاری ہو گی کہ لوگ حیران رہ جائیں گے اور آئی ایم ایف شرائط کم کرنے میں عمران خان نے کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کر رہے ہیں اور کراچی سرکلر ریلوے اب نہیں بنی تو قیامت تک نہیں بنے گی، وی آئی پی ٹرین میں مسافروں کو بھرپور سہولت دی جائے گی۔

وزیرریلوے نے ایک بار پھر شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر نہ صرف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کیا بلکہ اسے حکومتی غلطی بھی قرار دیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ چور مچائے شور کی فلم لگی ہوئی ہے اور دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھایا گیا ہے اور یہ شہباز شریف کو چیئرمین پی اے سی بنانے پر ساری عمر پچھتائیں گے۔ انہوں نے کہا شہباز کو کرپشن کے کیسز میں نواز شریف سے زیادہ ملوث دیکھتا ہوں کیونکہ شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے کا اخلاقی جواز نہیں۔

شیخ رشید نے ایک بار پھر دہرایا کہ عمران خان کے پاس این آر او کی کوئی گنجائش نہیں جب کسی کے پیر میں موچ اور پٹھا چڑھ جائے تو سمجھ جائیں اس شخص کی اب کیا خواہش ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ زرداری کا کیس نواز شریف اور شہبازشریف سے ایک لاکھ گنا زیادہ خطرناک ہے اور آصف زرداری کو اللہ نہ بچائے تو کوئی مخلوق نہیں بچا سکتی۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب سے درخواست ہے وائٹ کالر کرائم کے خلاف کام تیز کریں اور مقدمات تیزی سے نمٹائے جائیں، جس پر کرپشن کے 8، 8 کیسز ہیں وہ پارلیمنٹ میں پالیسی بیان دیتے ہیں۔ منسٹر کالونی میں جہاں وزیر رہتا ہے وہاں ساتھ میں چور بھی رہتے ہیں۔