فلم ''نائیک'' نے حقیقت کا روپ دھار لیا، بھارتی لڑکی ایک دن کیلئے وزیراعلیٰ بن گئی

19-year-old Indian Girl Srishti Goswami become Uttarakhand's CM for one day
کیپشن: فائل فوٹو

نئی دہلی: بھارت میں 19 سالہ لڑکی کو ریاست اتراکھنڈ کی وزیراعلیٰ بنا دیا گیا۔ اس دلچسپ واقعے کے بعد لوگ اسے بالی ووڈ کی مشہور فلم ''نائیک'' کے ستھ جوڑ رہے ہیں۔ انڈین شہریوں کا کہنا تھا کہ ان کے ذہنوں میں فلم کی یاد تازہ ہو گئی ہے۔

بھارتی ریاست اتراکھنڈ کی وزیراعلیٰ بننے والی اس 19 سالہ لڑکی کا نام شریشتی گوسوامی ہے۔ اسے نیشنل گرل چائلڈ کے موقع پر یہ اعزاز سونپا گیا تھا۔ شریشتی گوسوامی کے والدین اس اعزاز پر بے حد خوش ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہماری بیٹی نے ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں ریاستی حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

دوسری جانب شریشتی گوسوامی نے بھی کہا ہے کہ وہ اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ تری ویندرا سنگھ راوت کا بہت شکریہ ادا کرتی ہیں جنہوں نے مجھے اس قابل سمجھا کہ میں ایک دن کیلئے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھال کر لوگوں کے مسائل اور ان کا دکھ درد سمجھ سکوں۔ خیال رہے کہ شریستی گوسوامی طالبہ ہیں اور اس وقت بیچلر آف سائنس کے شعبے میں تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ 

خیال رہے کہ بالی ووڈ کی مشہور فلم نائیک میں انیل کپور نے ایک ایسے نوجوان صحافی کا کردار ادا کیا تھا جو حکومتی پالیسیوں پر نقطہ چینی کرتا ہے تو اسے مسائل جاننے کیلئے ایک دن کیلئے وزیراعلیٰ بنا دیا جاتا ہے۔ بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں ایک نوجوان لڑکی کے وزیراعلیٰ بننے سے لوگوں کے ذہن میں اس فلم کی یاد تازہ ہو گئی ہے۔