پی ٹی آئی کا جمعیت علمائے اسلام (ف) کیخلاف فارن فنڈنگ کیس دائر کرنے کا فیصلہ

PTI decides to file foreign funding case against Jamiat Ulema-e-Islam (JUI-F)
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کیخلاف فارن فنڈنگ کیس دائر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ پی ٹی آئی کے پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب آج الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کریں گے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواست میں جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حسین احمد کے انٹرویو کا حوالہ دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ حافظ حسین احمد نے اپنے ایک انٹرویو میں اعتراف کیا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے لیبیا اور عراق سے فنڈنگ لی جبکہ ان کے سمیت کئی رہنما ان دونوں ممالک کے دورے بھی کرتے تھے۔

خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں گزشتہ چھ سال سے تحریک انصاف کیخلاف ایک کیس زیر التوا ہے، اس کیس میں پی ٹی آئی پر مبینہ طور پر فارن فنڈنگ لینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ تاہم وزیراعظم عمران خان اور ان کی جماعت کے دیگر رہنماؤں کا موقف ہے کہ الیکشن کمیشن میں 40 ہزار سے زائد افراد کا ڈیٹا جمع کرایا جا چکا ہے، فارن فنڈنگ کے الزامات بے سروپا ہیں جن کے ثبوت فراہم کر دیئے گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں ایک نجی ٹیلی وژن کو انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ یہ بات اس حد تک درست ہے کہ انھیں ماضی میں دو ممالک کی جانب سے فنڈز دینے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے اسے قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاہم وہ مجبوری کی وجہ سے ان دونوں ملکوں کے نام نہیں بتا سکتے کیونکہ پاکستان کے ان کیساتھ تعلقات ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی جانب سے تمام دستاویزی ثبوت الیکشن کمیشن کو فراہم کئے جا چکے ہیں لیکن دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ابھی تک لیت ولعل کے ساتھ کام لیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت کا فیصلہ کیا ہے تاہم سکروٹنی کمیٹی کی کارروائی اوپن نہیں کی جائے گی۔