براڈ شیٹ معاملے پر قوم سے اربوں روپے کے فراڈ کا احتساب کیا جائے گا: سلیم مانڈوی والا

Billions of rupees fraud will be fully accounted to the nation on the broadsheet issue: Saleem Mandviwala
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے چیئرمین نیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی باتوں میں صداقت ہوتی تو آج تک نیب نے کوئی ریکوری کی ہوتی۔

سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ بہتر ہے چیئرمین نیب چیمبرز کے دورے کر رہے ہیں، کاروباری طبقے کے مسائل سن رہے ہیں۔ نیب کی کارروائیوں سے تنگ آ کر کاروبار بند کرنے والوں کی فہرست چیئرمین نیب کو بھجوائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سے باہر کاروبار منتقل کرنے والوں کی فہرست نیب کو بھجوائی جائے گی۔ یہی وقت ہے کہ چیئرمین نیب کاروباری افراد اور خواتین کیخلاف نیب کارروائیاں بند کریں۔ نیب کے ادارے میں صرف جھوٹے ریفرنس دائر کئے جاتے ہیں اور میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب کے بے جا نوٹسز اور جعلی ریفرنسز کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں آ رہی۔ سینیٹ میں نیب کی تمام کارروائیوں پر کھل کر بات کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ کے سنگین معاملے پر ایوان بالا میں بحث کی جائے گی۔ براڈ شیٹ معاملے پر قوم سے اربوں روپے کے فراڈ کا مکمل احتساب کیا جائے گا۔