کراچی ٹیسٹ، پاکستانی بلے باز ایک بار پھر ناکام ہو گئے

کراچی ٹیسٹ، پاکستانی بلے باز ایک بار پھر ناکام ہو گئے

کراچی:  کراچی میں کھیلے جا رہے پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل اختتام پذیر ہو گیا۔

پاکستان نے پہلی اننگز میں پہلے دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 33 رنز بنا لئے۔ ساؤتھ افریقہ کے پہلی اننگز میں 220 رنز کے جواب میں پاکستان نے 4 وکٹوں پر 33 رنز بنائے۔ آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں عابد علی جو 4 رنز بنا کر ربادا کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوئے۔ دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں عمران بٹ 8 رنز بنا کر پویلین لوٹے عمران بٹ کو بھی ربادا نے بولڈ کیا۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز بابراعظم تھے جو سات رنز بنا کر مہاراج کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رنز بنائے نورتجی کے ہاتھوں کلین بولڈ ہو گئے۔ دن کے اختتام پر پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور فواد عالم پانچ پانچ رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ 

اس سے قبل پاکستانی بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے افریقی ٹیم کو 220 رنز پویلین بھیج دیا تھا۔  شہر قائد کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پاکستان کیخلاف پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مہمان ٹیم نے پہلے روز اننگز کے اختتام پر 220 رنز بنائے ۔

جنوبی افریقا کی جانب سے ڈین الگر نے 58، ایڈین مرکرم نے 13، ریزی وین ڈر ڈوسین نے 17، فاف ڈوپلیسی 23 اور کپتان کوئنٹن ڈی کوک نے 14 رنز بنائے تھے۔شاہین شاہ 49 رنزدیکر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، یاسر شاہ نے 54 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔نعمان علی نے 38 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جبکہ حسن علی نے 61 رنز کے عوض ایک کھلاڑیوں پویلین کی راہ دکھائی ، مہمان ٹیم کے دو کھلاڑی رن آؤٹ بھی ہوئے ۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیمیں چودہ سال کے بعد ایک دوسرے کے مدمقابل آئی ہیں۔ ٹاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیشنل سٹیڈیم کی وکٹ خشک محسوس ہو رہی ہے، اس سے لگتا ہے کہ وکٹ پر باؤلرز گیند کو بریک کر سکیں گے۔ انہوں نے مہمان ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ساؤتھ افریقا کا شمار دنیا کی بہترین ٹیموں میں ہوتا ہے۔ ہم اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے بلے بازی کا ہی فیصلہ کرتے۔

نعمان علی اور عمران بٹ جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ میچ میں پہلی بار ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ دونوں کو اس میچ میں ٹیسٹ کیپ دی گئی۔ نعمان علی کو ممتاز گیند باز یاسر شاہ جبکہ عمران بٹ کو لیجنڈ کھلاڑی یونس خان نے ٹیسٹ کیپ کا اعزاز بخشا۔

   

جنوبی افریقا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کپتان بابر اعظم کی سربراہی میں میدان میں اترنے والی ٹیم میں یاسر شاہ، نعمان علی، فواد عالم، حسن علی، شاہین شاہ، فہیم اشرف، محمد رضوان، عمران بٹ، عابد علی اور اظہر علی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقا 14 سال کے طویل عرصے کے بعد پاکستان کے دورے پر آئی ہے۔ اس نے 2007ء میں دوہ پاکستان کیا تھا۔

بشکریہ: نئی بات