بوئنگ 777 طیارہ اڑانے والی دنیا کی کم عمر ترین بھارتی خاتون پائلٹ

بوئنگ 777 طیارہ اڑانے والی دنیا کی کم عمر ترین بھارتی خاتون پائلٹ

نئی دہلی: بھارتی خاتون نے دنیا میں بوئنگ 777 طیارہ اڑانے والی سب سے کم عمر خاتون پائلٹ کا اعزاز حاصل کر لیا۔ دِویا نامی بھارتی خاتون نے اپنی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو عبور کرتے ہوئے صرف 30 سال کی عمر میں پائلٹ بننے کا ٹائٹل اپنے نام کیا جسے پہلے ان کی کمیونٹی کے لوگ غیرمعمولی کام سمجھتے تھے۔

دویا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے میرے والدین نے ہمیشہ میرا ساتھ دیا جبکہ بہت سے لوگوں نے انہیں ایسا کرنے سے منع بھی کیا تھا۔ لوگوں نے بہت مزاحمت کی خاص کر مجھے فیس ادا کرنے میں بھی کافی مسئلہ ہوا جو اس وقت میرے والدین کے لیے بہت زیادہ تھی۔

بھارتی ریاست آندھرا پردیش میں وجایا واڈا نامی شہر سے تعلق رکھنے والی دویا نے مقامی اسکول سے تعلیم حاصل کی جہاں ہر بچہ اپنے والدین کی خواہش پر انجینئر اور ڈاکٹر بننا چاہتا تھا لیکن دویا ایک مختلف راہ اختیار کرنا چاہتی تھیں۔

اس حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا میں بچپن سے ہی پائلٹ بننا چاہتی تھی یہ الگ بات کہ مجھے میرے آس پاس کے لوگوں نے اس حوالے سے کچھ نہیں سکھایا۔ اپنے والدین کی سپورٹ کے ساتھ عینی دِویا نے 17 سال کی عمر میں اندرا گاندھی راشٹریا اڑن اکیڈمی میں داخلہ لیا جہاں انہوں نے بہت محنت کی اور اسکالر شپ حاصل کر کے 19 سال کی عمر میں اپنی ٹریننگ ختم کر لی۔

ایئر انڈیا میں ملازمت کرتے ہوئے دِویا نے اسپین اور لندن میں بوئنگ 737 اڑانے کی تربیت لی جس کے بعد وہ دنیا کا سب سے بڑا ٹوئن جیٹ بوئنگ 777 اڑانے کے قابل ہوئیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں