افغانستان: قندھار میں فوجی اڈے پر طالبان کا حملہ، 26 فوجی ہلاک

افغانستان: قندھار میں فوجی اڈے پر طالبان کا حملہ، 26 فوجی ہلاک

کابل: غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق قندھار کے ضلع خاکریز کے علاقے کرزلی میں واقع فوجی اڈے پر طالبان کے حملے میں 26 افغان فوجی ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے ہیں۔ افغان وزارتِ دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے یہ دعوی بھی کیا کہ افغان فورسز کی جوابی کارروائی میں 80 سے زائد طالبان جنگجوؤں ہلاک ہوئے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات کرزلی فوجی کیمپ کی طرف درجنوں کی تعداد میں ٹرک جاتے ہوئے دیکھے گئے جن میں سینکڑوں طالبان سوار تھے جبکہ افغان فوجیوں اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان لڑائی کئی گھنٹوں تک جاری رہی جس میں دونوں جانب سے بھاری اسلحے کا بھی استعمال کیا گیا۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ افغان فوج نے اپنی فضائیہ سے مدد لی تھی لیکن افغان وزارتِ دفاع کے ترجمان نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا۔

یاد رہے کہ افغانستان کا صوبہ قندھار ماضی میں طالبان کا اہم ترین مرکز اور غیر اعلانیہ دارالحکومت بھی رہا ہے جس کے بیشتر حصے پر آج تک طالبان کا کنٹرول ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں