تہران، امریکی کانگریس کے ایران مخالف اقدامات کا بھرپور جواب دے گا،صدر حسن روحانی

تہران، امریکی کانگریس کے ایران مخالف اقدامات کا بھرپور جواب دے گا،صدر حسن روحانی

تہران : صدر نے ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ تہران امریکی کانگریس کے تازہ ایران مخالف اقدامات کا ٹھوس جواب دے گا۔آج کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ پچھلے چالیس برس سے دباؤ، پابندیوں نیز خطے کے بعض ملکوں کو ایران کے خلاف اکساتا چلا آیا ہے اور تمام معاملات میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہاکہ، امریکہ کو ملت ایران کے مقابلے میں اپنی پے درپے شکست سے عبرت حاصل کرنا چاہیے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ اگر امریکہ مشرق وسطی کے حساس علاقے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور چاہتا ہے کہ اس علاقے کی حساس سمندری گزرگاہ پوری دنیا کے لیے محفوظ بنی رہے تو اسے اپنی موجودہ پالیسیوں کو تبدیل کرنا ہوگا۔ صدر ایران نے دو ٹوک الفاظ میں  کہا کہ ایران کے عوام سازشوں میں آنے والے نہیں ہیں اور اپنے راستے پر گامزن رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ امریکہ ایرانی عوام کے حقوق کا احترام کرے اور یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کرلے کہ قوموں کے احترام، ان کے حقوق کی بالادستی اور امن و صلح کا راستہ اپنا کر ہی امریکی عوام کے مفادات کا تحفظ کیا جاسکتا ہے۔

صدر ایران نے کہا کہ امریکہ صرف اسلامی جمہوری نظام کا دشمن نہیں ہے بلکہ اسے ایران کی استقامت و پائیداری اور اس کا رول ماڈل بننا بھی برداشت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ یہ بات بھی قبول کرنے کو تیار نہیں ہے کہ اس حساس علاقے میں ایران خود مختار اور موثر ملک بن گیا ہے۔ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کی طاقت میں اضافے اور دفاع کو مضبوط بنائے جانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ، اسلامی جمہوریہ ایران اپنے بارے میں دیگر ملکوں کی پالیسیوں کو مد نظر رکھتے ہوئے دفاعی ہتھیاروں کی تقویت کرے گا اور ایران کے عوام، اپنی مسلح افواج کے تمام دستوں، سپاہ پاسداران ، فوج، عوامی رضاکار فورس، پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کی بھر پور حمایت کرتے رہیں۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں