الطاف حسین نے کراچی کو صرف بوری بند لاشیں دیں، مصطفیٰ کمال

الطاف حسین نے کراچی کو صرف بوری بند لاشیں دیں، مصطفیٰ کمال

کراچی :  پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفٰی کمال، صدر انیس قائم خانی اور وائس چیئرمین وسیم آفتاب نے شاہ احمد نورانی کے فرزند اور جمعیت علماء کے سیکریٹری جنرل مولانا اویس نورانی سے ان کی رہائش گاہ بیت الرضوان پر ملاقات کی. اس موقع پر شاہ اویس نورانی نے پاک سر زمین پارٹی کے رہنماؤں کا استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا، ملاقات میں رہنماؤں نے ملک بالخصوص کراچی کے موجودہ حالات، درپیش مسائل اور آئندہ ہونے والے الیکشن سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا.

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مصطفٰی کمال کا کہنا تھا کہ مہاجروں کا نام لے کر لسانی سیاست نہیں کر رہے، مہاجر نام پر سیاست کرنے والے مہاجروں کے اصل دشمن ہیں، پوری پاکستانی قوم کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کر کے پاکستان کی ترقی چاہتے ہیں، ملک بھر کے نوجوانوں کو بہتر تعلیم اور روزگار فراہم کر کے انہیں بہتر اور محفوظ مستقبل دیں گے، کراچی شہر کی کھوئی ہوئی رونقیں بحال کر کے اسے دوبارہ روشنیوں کا شہر بنائیں گے . انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے پی ایس پی کے کارکنوں کو شہید کروایا، فاروق ستار ایم کیو ایم کا سیاسی جبکہ الطاف حسین عسکری ونگ چلا رہے ہیں لیکن پاک سر زمین پارٹی کی کوششوں سے کراچی میں امن بحال ہوا ہے.

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں مثالی ترقی اور عوام کی خدمت کی گئی  جس کا سلسلہ عوامی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں آکر شروع کریں گے . انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں، ہم نے آگے بڑھ کر امن کی شمع روشن کی ہے، ہم ملکی مفاد میں سب سے بات چیت اور مل کر کام کریں گے. انہوں نے اس موقع پر شاہ احمد نورانی اور ان کے فرزند شاہ اویس نورانی کی ملک کے لئے خدمات کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا انہوں نے شاہ احمد نورانی کے ایصال ثواب کیلئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک و قوم کا اہم سرمایہ تھے۔اس موقع پر اویس شاہ نورانی کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے علاوہ سب سے اتحاد ہو سکتا ہے کیونکہ الطاف حسین نے کراچی کو خون میں نہلا دیا اور نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم کی جگہ کلاشنکوف دے دی.

انہوں نے الطاف حسین کے ساتھ کھڑے لوگوں سے اپیل کی کہ غدار وطن سے لاتعلقی کا اظہار کریں اور قومی دھارے میں شامل ہو جائیں. الطاف حسین نے کراچی کو صرف بوری بند لاشوں کا تحائف  دے کر شہر کو اندھیرے میں دھکیل دیا، ایک ایسے شخص کو گورنر سندھ بنا دیا جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا. انہوں نے ایم کیو ایم کو کالعدم تنظیم کے طور پر مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب کراچی میں اسلحہ کے زور پر سیاست نہیں ہو سکتی، ایم کیو ایم کے بانی کا احتساب کیا جائے.

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں