سید فخر امام نے رضاحیات ہراج کو شکست دے دی

سید فخر امام نے رضاحیات ہراج کو شکست دے دی
کیپشن: سید فخر امام 20  سال کے طویل عرصے بعد ایک بار پھر ممبر قومی اسمبلی بننے میں کامیاب ہو گئے ہیں

خانیوال: 2018   کے انتخابات میں پاکستان بھر میں  سے بڑے بڑے برج الٹ گئے ہیں اور جن امیدواروں کے بارے میں تاثر  تھا کہ یہ اپنے حلقے میں بڑے مضبوط  تصور کئے جاتے ہیں ان کی شکست نے سب کو حیران و پریشان کر دیا ہے ۔

خانیوال سے پاکستان تحریک انصاف کے مضبوط تصور کئے جانے والے رضا حیات ہراج کو آزاد امیدوار اور پرانے پارلیمنٹیرین سید فخر امام نے شکست دے دی ہے ۔غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق قومی اسمبلی کی نشست این اے 150خانیوال سے آزاد امیدوار سید فخر امام نے 82 ہزار 595 ووٹ حاصل کر کے تحریک انصاف کے امیدوار رضا حیات ہراج کو شکست دے دی، رضا حیات ہراج 71 ہزار 34 ووٹ حاصل کرسکے۔

اس فتح کے ساتھ ہی سید فخر امام 20  سال کے طویل عرصے بعد ایک بار پھر ممبر قومی اسمبلی بننے میں کامیاب ہو گئے ہیں ۔واضح رہے کہ سید فخر امام جھنگ کی مشہور سیاستدان سیدہ عابدہ حسین کے شوہر اور جھنگ ہی کے حلقہ این اے 115 سے آزاد الیکشن لڑنے والی خاتون سیدہ صغری امام کے والد ہیں ،وہ ماضی میں سپیکر قومی اسمبلی بھی رہ چکے ہیں ۔