شہباز شریف نے برطانوی اخبار کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ کر دیا

شہباز شریف نے برطانوی اخبار کیخلاف ہتک عزت کا دعویٰ کر دیا
کیپشن: حکومت کی ایما پر میرے خلاف سیاسی بنیادوں پر خبر چھپوائی گئی، شہباز شریف۔۔۔۔۔۔فوٹو/ ن لیگ فیس بُک پیج

لندن: شہباز شریف نے زلزلہ زدگان کی امداد چوری کرنے کا الزام لگانے والے برطانوی اخبار ’ڈیلی میل‘ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر دیا۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے برطانوی اخبار ڈیلی میل کے خلاف باضابطہ کارروائی کے لیے برطانیہ کی معروف لاء فرم کارٹر ریک کی خدمات حاصل کی ہیں جو برطانیہ میں ان کا مقدمہ لڑے گی۔

          

لاء فرم کا کہنا ہے کہ اخبار میں کیے گئے شہباز شریف سے متعلق دعوے انتہائی متنازع ہیں۔ دوسری جانب شہبازشریف نے اپنے دعوے میں مؤقف اپنایا ہے کہ الزامات میں سچائی ہوتی تو گرفتار کر کے مقدمہ چلایا جاتا۔ حکومت کی ایما پر میرے خلاف سیاسی بنیادوں پر خبر چھپوائی گئی۔

(ن) لیگ کے صدر نے مزید مؤقف اپنایا کہ 2005 میں زلزلے کے وقت برطانیہ میں جلاوطنی کی زندگی بسر کر رہا تھا۔ اپنی ساکھ عزیز ہے اور برطانوی عدالتوں سے اپنی بے گناہی ثابت کروں گا۔

خیال رہے کہ ڈیلی میل نے اپنی خبر میں دعویٰ کیا تھا کہ شہباز شریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب زلزلہ زدگان کی امداد کے لیے برطانوی ادارے سے ملنے والی رقم میں خورد برد کی تھی۔