وزیراعظم عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑتے رہیں گے، فرخ حبیب

The Prime Minister will continue to fight the Kashmir case in the international forum, Farrukh Habib
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دلیر سفیر اور سچے وکیل کے طور پر ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑتے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے کشمیر کا سودا کیا انھیں آج کشمیریوں نے ووٹ سے ’’ریجیکٹیڈ‘‘ بنا دیا ہے۔ آزاد کشمیر اور ملک کے مختلف حصوں میں بسنے والے کشمیریوں کا شکریہ، جنہوں نے وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ کشمیریوں نے پی ٹی آئی کو جو مینڈیٹ دیا، اس کے احترام کے ساتھ ساتھ تعمیر و ترقی کا جال بچائیں گے۔

آزاد کشمیر الیکشن بارے بیان میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے دھونس، دھاندلی، الزامات اور تنقید کی سیاست کو زمین بوس کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم اور بلاول گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں عبرتناک شکست کے بعد اب کیسا محسوس کر رہی ہے؟

انہوں نے کہا کہ 25 جولائی تاریخ کا حصہ بن چکا ہے، اس دن کشمیریوں نے مودی کے یاروں، جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ اور سرٹیفائیڈ جھوٹوں کو سبق سکھایا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات کے بعد گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام نے دونوں کرپٹ جماعتوں کو الوداع کہہ دیا ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ جو اپنی شادیوں پر مودی کو بلائیں، آموں اور ساڑھیوں کے تحائف لیں، حریت رہنماؤں کو نظر انداز کریں، کشمیری ان کو کبھی معاف نہیں کر سکتے۔