نور مقدم کیس، ملزم کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا، شیخ رشید

نور مقدم کیس، ملزم کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا، شیخ رشید
کیپشن: نور مقدم کیس، ملزم کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا، شیخ رشید
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نور مقدم کیس کے ملزم کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھاکہ نور مقدم کیس کے تمام ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) پر ڈال رہے ہیں جبکہ ملزم کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے سمری کابینہ کو اسی ہفتے بھیجیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائے گی اور میری خواہش ہے قاتل کو موقع پر سزائے موت ہو۔

خیال رہے کہ آج سابق سفارت کارکی بیٹی نور مقدم قتل کیس کے ملزم ظاہر جعفر کو عدالت نے مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پرملزم ظاہرجعفرکو سخت سیکیورٹی میں مجسٹریٹ صہیب بلال رانجھاکے روبروپیش کیا گیا ۔

پبلک پراسیکیوٹر ساجد چیمہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سے پستول برآمدکرلی ہے، موبائل فون برآمد کرناباقی ہے، مزیدجسمانی ریمانڈ دیاجائے۔

عدالت نے استدعا منظورکرتے ہوئے ملزم کو 2 روزکے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ۔ مقتولہ نور مقدم کے والد کے وکیل شاہ خاور نے میڈیاسےبات چیت میں کہا کہ کیس کی مزید تفتیش کےلیے موبائل فون کا ریکارڈ بہت ضروری ہے، امید ہے پولیس کی تفتیش جلدمکمل ہو گی جس کے سامنے جرم ہورہا ہو اور وہ پولیس کو اطلاع نہ دے تواس پر کارروائی ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ 20 مئی کو تھانہ کوہسار کی حدود ایف سیون فور میں 28 سالہ لڑکی نور مقدم کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا۔