چودھری پرویز الہٰی وزیر اعلیٰ پنجاب ، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا 

چودھری پرویز الہٰی وزیر اعلیٰ پنجاب ، نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا 
سورس: File

لاہور : چودھری پرویز الہٰی کا بطور وزیر اعلی پنجاب نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب نے چودھری پرویز الہٰی کا بطور وزیراعلیٰ نوٹیفکیشن سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر جاری کیا۔ 

قبل ازیں سپریم کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کی رولنگ اور حمزہ شہباز کے حلف کو کالعدم قرار دیتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ کو رات ساڑھے گیارہ بجے تک وزیراعلیٰ کا حلف اٹھانے کا حکم جاری کیا تھا۔ 

سپریم کورٹ نے گیارہ صفحات پر مشتمل مختصر حکم نامہ جاری کیا اور بتایا کہ تفصیلی تحریری فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔

چیف جسٹس آف پاکستان نے فیصلہ تاخیر کا شکار ہونے پر سب سے پہلے معذرت کی اور حکم نامہ سنانا شروع کیا، جس میں پرویز الہیٰ کی درخواست کو منظور کرنے، ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے ق لیگ کے مسترد شدہ ووٹوں کو درست قرار دیا۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی نے سپریم کورٹ کے حکم کو غلط سمجھا اور رولنگ دیتے ہوئے ق لیگ کے درست ووٹوں کو مسترد کیا۔

عدالت نے حکم کی کاپی فریقین کو فوری فراہم کرنے کی ہدایت کی اور حمزہ شہباز سمیت پوری کابینہ کو فوری دفاتر خالی کرنے کا حکم دیا۔ فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں حمزہ نے 179 ووٹ جبکہ پرویز الہیٰ نے 186 ووٹ حاصل کیے، اس اعتبار سے وہ ہی وزیراعلیٰ پنجاب ہیں۔

سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی بطور وزیراعلیٰ حلف برداری اور کابینہ کی تشکیل نو کو بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے پرویز الہیٰ کو رات گیارہ بجے حلف اٹھانے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ اگر گورنر پنجاب دستیاب نہ ہوں تو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی پرویز الہیٰ سے حلف لیں۔

مصنف کے بارے میں