پشاور، تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، 2 پائلٹ شہید

پشاور، تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، 2 پائلٹ شہید
کیپشن: طیارے کے تباہ ہونے کے بعد دھویں کے بادل اٹھتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

پشاور: پاک فضائیہ کا ایک جنگی طیارہ پشاور ایئربیس پر کریش لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹ شہید ہو گئے۔ترجمان پاک فضائیہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ایف ٹی-سیون پی جی تربیتی طیارہ معمول کے آپریشنل ٹریننگ مشن پر تھا۔

ترجمان کے مطابق واقعے کے بعد ایئربیس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ٹیک آف کرکے جیسے ہی جہاز تھوڑی سی بلندی پر گیا اس میں فنی خرابی پیدا ہو گئی۔ جہاز کے کپتان نے قریبی آبادی کو بچاتے ہوئے جہاز کو موڑا لیکن کریش لینڈنگ کے دوران ہی اس میں آگ لگ گئی۔

مزید پڑھیں: قمرالاسلام کو فوری رہا کیا جائے، شاہد خاقان عباسی کا مطالبہ

خیال رہے رواں سال 9 مئی کو سرگودھا کے نواحی گاؤں 86 شمالی کے قریب پاک فضائیہ کا ڈرون طیارہ فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا تھا ۔ 8 مئی کو لاہور کے علاقے گارڈن ٹاﺅن کے علاقے میں چھوٹا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ طیارہ نچلی پرواز کر رہا تھا اور جیسے ہی کلمہ چوک کے قریب پہنچا تو اس میں فنی خرابی پیدا ہو گئی تھی۔

پائلٹس نے برکت مارکیٹ کے قریب 2 سے 3 کنال کے رقبے پر مشتمل گھر کا بڑا لان دیکھ کر وہاں طیارے کو اتارنے کی کوشش کی لیکن طیارہ بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا تھا۔

 یہ بھی پڑھیں: چیف جسٹس کی برہمی کا سامنا کرنیوالے جج نے استعفیٰ دے دیا

یاد رہے 2016 میں بھی والٹن ایئر پورٹ پر تریبتی طیارے کو رن وے پر لایا جارہا تھا کہ اس دوران طیارے کا اگلا ٹائر نکل گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا، تاہم واقعے میں پائلٹ اور کو پائلٹ محفوظ رہے تھے۔

23  فروری 2012 کو بھی لاہور کے علاقے ماڈل ٹاوٴن میں تربیتی طیار ہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس سے خاتون پائلٹ سمیت دوافراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں