قمر الاسلام اور وسیم اجمل 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

قمر الاسلام اور وسیم اجمل 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے
کیپشن: قمر الاسلام کو مسلم لیگ (ن) نے این اے 59 سے چوہدری نثار کے مدمقابل امیدوار نامزد کیا ہے۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: احتساب عدالت نے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے (ن) لیگ کے رہنما قمر الاسلام اور وسیم اجمل کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دے دیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) نے قمر الاسلام اور وسیم اجمل کو سخت سیکیورٹی میں لاہور کی احتساب عدالت میں جج نجم الحسن بخاری کے روبرو پیش کیا۔

قمر الاسلام کے وکیل نےعدالت کو بتایا کہ نیب تمام کارروائی محض الزامات کی بنیاد پر کر رہا ہے۔ نیب میں کرپشن کی درخواست آئی نا ثبوت ہے اور قمرالاسلام چوہدری نثارکے خلاف الیکشن لڑ رہے ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے اپنے دلائل میں کہا کہ صاف پانی کمپنی میں قمرالاسلام چیف ایگزیکٹو تھے اور وسیم اجمل آئے تو یہ اس وقت ڈائریکٹر بھی تھے جبکہ جو بھی پلانٹ لگے ان کے دور میں لگے ہیں۔

نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ نے قمرالاسلام کے 15 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا جو بعد میں سناتے ہوئے ملزم کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔

احتساب عدالت نے ملزم قمرالاسلام اور وسیم اجمل کو جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دیا ہے اور دونوں ملزمان کو 9 جولائی کو عدالت میں پیش کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

خیال رہے انجینئر قمر الاسلام کو مسلم لیگ (ن) نے این اے 59 سے چوہدری نثار کے مدمقابل امیدوار نامزد کیا ہے جنہیں نیب نے گزشتہ روز صاف پانی اسکیم میں گرفتار کیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں