نالائق اعظم کی طرف سے پہنچایا گیا نقصان ناقابل تلافی ہے:مریم نواز

نالائق اعظم کی طرف سے پہنچایا گیا نقصان ناقابل تلافی ہے:مریم نواز

لاہور:سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے ڈالر کی قیمتیں بڑھنے پر شدید تنقید کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے ڈالر کی قیمت میں 4 روپے سے زائد اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈالر کی انٹربینک قیمت 160 روپے 50 پیسے تک پہنچ گئی،پاکستان کی معیشت تباہی کے دہانے پرپہنچ گئی جبکہ نالائق اعظم کی طرف سے پہنچایا گیا نقصان ناقابل تلافی ہے۔

خیال رہے کہ  روپے کی قدر میں مسلسل کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ڈالر تیزی کے ساتھ ڈبل سنچری کی جانب گامزن ہے، آج انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر مزید 4 روپے 2 پیسے مہنگا ہوگیا جس کے بعد ڈالر کی قیمت 160 روپے 50 پیسے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اوپن مارکیٹ میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران ڈالر کی قیمت تقریباً 7 روپے بڑھ گئی جب کہ رواں ماہ انٹربینک میں ڈالر 8 روپے 8 پیسے مہنگا ہوا، روپے کی قدر کم ہونے سے جون کے مہینے میں قرضوں کی مالیت میں 800 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

 گزشتہ چند ماہ کے دوران ڈالر 10 روپے سے زیادہ مہنگا ہوا ہے جس کے باعث پاکستان پر غیرملکی قرضوں کے حجم میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد اضافہ ہوگیا ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی لاگت بھی بڑھ گئی ہے۔