30جون تک کورونا کے متوقع کیسز 3 لاکھ سے کم ہوکر سوا دو لاکھ ہوگئے، اسد عمر

30جون تک کورونا کے متوقع کیسز 3 لاکھ سے کم ہوکر سوا دو لاکھ ہوگئے، اسد عمر

اسلام آباد: وفاقی وزیر اسدعمر نے کہا ہے کہ 30 جون تک کورونا وائرس کے متوقع کیسز میں 75 ہزار کی کمی ہوگئی،کورونا کا خطرہ ابھی ٹلا نہیں تاہم پچھلے دو ہفتے میں حالات میں بہتری آئی ہے، سب لوگ صحیح کام کریں اور حکومت سمیت سب اپنی ذمہ داری پوری کریں تو پھیلاؤ کو روکنے میں خاطر خواہ کامیاب ہوسکتی ہے۔

وفاقی وزیر اسدعمر نے ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کورونا کیسز بڑھنے پر لوگوں نے حفاظتی تدابیر اختیار کی ہیں، کورونا کاخطرہ ابھی ٹلا نہیں اور ہم نے معاشرے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا، پہلے 30جون تک 3 لاکھ کیسز متوقع تھے جو اب کم ہوکر 2 لاکھ 25 ہزار ہوگئے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ ہم نے 14جون کو حقائق سامنے رکھے تھے اور اندازہ تھا کہ 30 جون تک کورونا کیسز کی تعداد 3 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے، لیکن اجلاس میں ہم نے ماہرین کی رائے کا جائزہ لیا اور اب متوقع کیسز کی تعداد کم ہوگئی ہے، جو تین لاکھ تک پہنچنے کا خدشہ تھا وہ سوا دو لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اسد عمر نے بتایا کہ احتیاطی تدابیراختیارنہ کی جائیں تووبا تیزی سے پھیل سکتی ہے اور حالات خراب ہوسکتے ہیں، اگر سب لوگ صحیح کام کریں اور حکومت سمیت سب اپنی ذمہ داری پوری کریں تو پھیلاؤ کو روکنے میں خاطر خواہ کامیاب ہوسکتی ہے، اگرہم سب اپنا کردار ادا کریں تووبا کے پھیلاؤ کوکنٹرول کیا جاسکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اگر ہم احتیاط نہیں کریں گے تو حالات خراب ہوسکتے ہیں۔

صحت کے نظام کو بہتر بنایا جارہا ہے، صورتحال ایسی نہیں کہ صحت کا نظام مفلوج ہوتا نظر آئے، کوشش کررہے ہیں کہ کاروبار زندگی بھی چلتا رہے گا، غریب لوگ بھی متاثر نہ ہوں اور ہم عوام کی صحت کی حفاظت بھی کریں، میں یہ نہیں کہہ رہا کہ کورونا کا خطرہ ٹل گیا تاہم پچھلے دو ہفتے میں حالات میں بہتری ا?ئی ہے اور مزید آئے گی۔