مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری، مزید 3 کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم جاری، مزید 3 کشمیری شہید

سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے مزید 3 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔

کشمیر میڈیا سروس (کے ایم ایس) کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کی دہشت گردی جاری ہے اور آج بھی ضلع پلوامہ میں بھارتی فورسز نے مزید 3 کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ضلع پلوامہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 5 کشمیری نوجوان شہید ہو چکے ہیں جنہیں نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں شہید کیا گیا۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی جاری ہے اور عالمی برداری مقبوضہ کمشیر کی صورتحال پر بھارت سے جواب طلب کرے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین اور بچوں کو ذہنی و جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ نے بھارتی قابض افواج کے مظالم کی تفصیل بیان کر دی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ مودی کی ہندوتوا حکومت کے احکامات پر مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج مظالم کر رہی ہے جبکہ عالمی برادری کی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور مظالم  پر خاموشی ناقابل قبول ہے۔گزشتہ ہفتے اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی کے رابطہ گروپ اجلاس میں بھارت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر کا محاصرہ اور وہاں جاری لاک ڈاؤن ختم کرے۔

اجلاس میں بھارت سے کہا گیا کہ وہ تمام گرفتار کشمیریوں کو بھی رہا کرے۔او آئی سی کے رابطہ گروپ اجلاس میں مقبوضہ کشمیرپربھارتی قبضےکی مخالفت کی گئی۔ شرکائے اجلاس نے مقبوضہ کشمیر میں نئے بھارتی ڈومیسائل قانون کو بھی مسترد کر دیا۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق ورچوئل اجلاس میں شرکا نے بھارت سے کہا کہ وہ مقبوضہ وادی کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری طور پر بند کرے۔