ٹی 20 ورلڈکپ یو اے ای منتقل کر دیا گیا

ٹی 20 ورلڈکپ یو اے ای منتقل کر دیا گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

دبئی: رواں برس شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ بھارت سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کر دیا گیا ہے تاہم اس کی میزبانی بھارت کے پاس ہی رہے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) نے تاحال وینیو کی تبدیلی کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر آگاہ نہیں کیا تاہم اس نے ٹورنامنٹ کی یو اے ای میں میزبانی کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
یکم جون کو آئی سی سی نے بھارتی بورڈ کو جون کے آخر تک وینیو کے بارے میں بتانے کا کہا تھا تاہم بھارت نے اس حوالے سے کچھ نہ بتایا اور اب موجودہ پلان کے تحت ورلڈ کپ کا پہلا راؤنڈ دو گروپس پر مشتمل ہوگا جو عمان اور یو اے ای میں کھیلا جائے گا۔
راؤنڈ ون میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں بنگلہ دیش، آئرلینڈ، سری لنکا، نیدرلینڈز، سکاٹ لینڈ، نمیبیا، عمان اور پاپوا نیو گنی شامل ہیں، ان ٹیموں کے درمیان 12 میچز ہوں گے اور ٹاپ 4 ٹیمیں سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جہاں پہلے سے ٹی 20 رینکنگ کی ٹاپ 8 ٹیمیں موجود ہوں گی۔ 
یہاں سے ٹورنامنٹ کا اہم مرحلہ سپر 12 شروع ہو جائے گا جس دوران مجموعی طور پر 30 میچز کھیلے جائیں گے جو 24 اکتوبر سے شروع ہوں گے، سپر 12 میں 12 ٹیموں کو چھ، چھ کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور میچز دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں ہوں گے جس کے بعد تین پلے آف میچز، دو سیمی فائنلز اور پھر فائنل میچ ہوگا۔
آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ کا میزبان بھارت ہی ہوگا تاہم بھارت میں کورونا وائرس کی بدتر صورتحال کی وجہ سے ایونٹ کا وینیو متحدہ عرب امارات کردیا گیا ہے۔