اپوزیشن اراکین کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لینے کے حوالے سے رولنگ دیدی: سپیکر بلوچستان اسمبلی

اپوزیشن اراکین کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لینے کے حوالے سے رولنگ دیدی: سپیکر بلوچستان اسمبلی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

کوئٹہ: سپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو کا نے کہا ہے کہ اپوزیشن اراکین کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لینے کے حوالے سے رولنگ دیدی ہے۔ 
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقدوس بزنجو نے امید ظاہر کی کہ اپوزیشن اراکین کل کے اجلاس میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ 18 جو ن کو اسمبلی میں جو کچھ ہوا اس میں میرا کوئی کردار نہیں تھا، اپوزیشن کو بھی یہ بات سمجھنا چاہیے کہ پاکستان میں کہیں بھی اپوزیشن اراکین کو بجٹ نہیں ملتا ہے۔
سپیکر کا کہنا تھا کہ 18 جون کو جب حکومتی اراکین اسمبلی میں آ گئے تو میں نے اجلاس شروع کرا دیا، آئندہ ہر اسمبلی اجلاس سے قبل ایک مشاورتی اجلاس ہو گا اور ہماری کوشش ہو گی کہ آئندہ اسمبلی میں 18جون جیسا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
 ایک سوال کے جواب میں عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان سے جو اختلافات تھے وہ اب ختم ہوگئے، اب اس پر بات کی ضرورت نہیں ہے، 18جون کو جوکچھ وزیراعلیٰ کے ساتھ ہوا وہ افسوسناک تھا، اللہ تعالی نے جام کمال کو عزت دی ہے تو ہمیں بھی عزت دینی چاہیے۔
واضح رہے کہ بلوچستان کا بجٹ پیش کئے جانے کے موقع پر اپوزیشن اراکین نے ہنگامہ آرائی کی اور رکاوٹیں کھڑی کر کے اسمبلی کے تمام داخلی دروازے بند کر دئیے جس پر پولیس نے مداخلت کرتے ہوئے رکاوٹیں ہٹائیں مگر اس کے بعد ایک بار پھر راستے بند کر دئیے گئے تھے۔ 
اس واقعے پر اپوزیشن جماعتوں سے تعلق رکھنے والے 17 اراکین اسمبلی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تو تمام اراکین نے اجتماعی گرفتاری دینے کا فیصلہ کیا اور تھانہ بجلی روڈ پہنچ گئے تاہم تین روز گزر جانے کے باوجود بھی انہیں گرفتار نہ کیا گیا اور مذکورہ اراکین تمام عرصہ تھانے میں ہی رہے۔