شعیب اختر خود پرستی کی زندگی گزار رہے ہیں، عاقب جاوید کا سابق فاسٹ باؤلر کو جواب

شعیب اختر خود پرستی کی زندگی گزار رہے ہیں، عاقب جاوید کا سابق فاسٹ باؤلر کو جواب
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ شعیب اختر اپنی ہی باتوں کی نفی کر رہے ہیں، آج کل وہ کرکٹ ایکسپرٹ ہیں اور جب سے انہوں نے کرکٹ چھوڑی ہے وہ 10، 11 برس سے یہی کام کر رہے ہیں۔
لاہور قلندرز کے پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے پلے آف مرحلے سے باہر ہونے پر سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے عاقب جاوید کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور اب اب عاقب جاوید نے ان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا میں بیٹھ کر جو کام شعیب اختر کرتے ہیں اس میں تنقید کرنا ہی ہوتا ہے لیکن خود سے یہ کہنا کہ عاقب جاوید کی جگہ میں ہوتا تو دو ٹورنامنٹس جتوا دیتا، میں تو انہیں یہ کہوں گا کہ پہلے آپ کو اپنے کام میں بہتر ہونا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں 20 سال سے کوچنگ کر رہا ہوں اور اس عرصے کے دوران ہر لیول پر کوچنگ کی ہے، میں نے انڈر 15 سے لے کر قومی ٹیم تک کوچنگ کی ذمہ داریاں نبھائیں ہیں، میں ایک پروفیشنل کوچ ہوں جس نے لیول فور کورس کیا ہوا ہے جو کہ کرکٹ میں سب سے بڑا کورس ہے، میں نے ناصرف کوچنگ کی تعلیم حاصل کی ہے بلکہ میرا عملی تجربہ بھی ہے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ کبھی ہار تو کبھی جیت، یہ میرا پروفیشن ہے اور اسے میں عزت دیتا ہوں، شعیب اختر نے تو ایک دن کوئی کوچنگ نہیں کی، پھر کوئی کیسے یہ دعویٰ کر سکتا ہے کہ میں ہوتا تو یہ کرتا، میں ہوتا تو دو مرتبہ ٹورنامنٹ جتوا دیتا، آپ گیری کرسٹن اور سٹیفن فلیمنگ تو ہو نہیں جنہوں نے پوری دنیا میں کام کیا ہے۔
 ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے قومی ٹیموں کے ساتھ کام کیا ہے اور مختلف فرنچائزز کے ساتھ منسلک رہاہوں اور اس دوران خود کو ثابت بھی کیا ہے، ایک بندے نے تو کبھی ان جیسا کام ہی نہیں کیا اس لئے میں کہوں گا کہ وہ سیلف آئیڈل ازم میں زندگی گزار رہے ہیں۔