آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ کالعدم قرار دیدیا

آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا اہم فیصلہ کالعدم قرار دیدیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

مظفر آباد: آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے تقرریوں اور تبادلوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا حکم دیدیا ہے جبکہ عدالت کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کیلئے مشاورت شروع کر دی گئی ہے۔ 
میڈیا رپورٹس کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت سرکاری ملازمین کی تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی عائد کی تھی جبکہ بلدیاتی و ترقیاتی اداروں میں تعینات سیاسی شخصیات کو فارغ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی ہدایت پر آزاد کشمیر حکومت نے ایسے تمام افراد کو فارغ کر دیا تھا جبکہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو آزاد کشمیر ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا اور کالعدم قرار دینے کیلئے عدالت میں درخواست دائر کی گئی تھی۔
اب آزاد کشمیر ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے تقرریوں اور تبادلوں پر عائد پابندی ختم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقرریوں اور تبادلوں پر پابندی اختیارات سے تجاوز اور حکومتی اختیار میں مداخلت ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کیلئے مشاورت شروع کر دی ہے اور جلد ہی اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔