اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر اپوزیشن معذرت کرے: وزیراعلیٰ بلوچستان کا مطالبہ

 اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر اپوزیشن معذرت کرے: وزیراعلیٰ بلوچستان کا مطالبہ
سورس: file photo

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے صوبائی اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر اپوزیشن رہنماؤں سے معذرت کرنے کا مطالبہ کردیا۔

بلوچستان اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے جام کمال نے کہا کہ اگر اسمبلی میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کو سنجیدگی سے نہیں لیا تو کل کوئی بھی گیٹ کود کر اندر آجائے گا۔ 

انہوں نے کہا کہ کم ازکم ہم اپنی جماعت پر یہ الزام نہیں چاہتے کہ یہ ہماری کمزوری تھی، اسمبلی کی عزت نہیں ہوگی تو ہماری بھی نہیں ہوگی، تھانے میں پریس کانفرنس کرنے کی وہ اہمیت نہیں جو اس ایوان میں ہے۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ جلسے جلوسوں سے صوبہ ترقی نہیں کرتا، اپوزیشن ترقیاتی کام نہ ہونے پر خوش ہے لیکن اپوزیشن حکومت کو بلیک میل نہ کرے، اپوزیشن ایوان میں آئے ہم سے بات کرے اور لازمی نہیں کہ ہم ساری باتیں مانیں، اپوزیشن کو ووٹ لوگوں نے تھانوں میں رہنے کیلئے نہیں دیا اس لیے اپوزیشن اراکین آئیں اور بات کریں، یہاں ساری باتیں ریکارڈ پر ہوں گی۔

خیال رہے کہ 18 جون کو بجٹ اجلاس سے قبل بلوچستان اسمبلی میں ہنگامہ آرائی پر اپوزیشن کے 17 اراکین کےخلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔