محبت کی شادی کرنےوالی ما ں سمیت شوہر کے ہاتھوں قتل

محبت کی شادی کرنےوالی ما ں سمیت شوہر کے ہاتھوں قتل
سورس: file photo

کراچی :قائد آباد شیر پاؤ کالونی میں ملزم نے فائرنگ کرکے  نئی نویلی دلہن اور ساس کو موت کی نیند سلادیا۔

شیر پاؤ کالونی بچت بازار کے قریب کچی آبادی کی رہائشی کوثر زوجہ ریاض احمد اور اس کی 25 سے 30 سالہ بیٹی رمشا صبا کو ملزم اسحاق نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے قتل کیا ۔

فائرنگ کی آواز سن کر اہل محلہ جمع ہوگئے جنہوں نے فوری طور پر پولیس اور ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی ۔ اس دوران ملزم موقع سے فرار ہوگیا ۔

ایس ایچ او قائد آباد غوث بخش مہر کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پسٹل کے 2 خول ملے ہیں جنہیں قبضے میں لے لیا ، قانونی کارروائی کے بعد مقتولین ماں بیٹی کی لاشیں جناح اسپتال پہنچائی جہاں پوسٹ مارٹم کرانے کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کردی گئیں ، ملزم اسحاق مقتولہ رمشا صبا کا شوہر ہے جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں ۔

مقتولہ شوہر سے روٹھ کر میکے آئی ہوئی تھی ۔ ڈی ایس پی قائد آباد محمد نواز کے مطابق 40 دن قبل مقتولہ رمشا صبا نے ملزم اسحاق سے کورٹ میرج کی تھی جس پر مقتولہ کی ماں کوثر ریاض نے اپنی بیٹی کے اغوا کا مقدمہ ملزم اسحاق کے خلاف درج کرایا تھا ۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد مقتولہ رمشا صبا نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرایا تھا کہ اس کو اغوا نہیں کیا گیا بلکہ اس نے محبت کی شادی کی ہے ۔

پولیس نے مقتولہ کا بیان لینے کے بعد مقدمہ سی کلاس کردیا تھا ، شادی کے کچھ دن بعد مقتولہ رمشا اپنے شوہر سے روٹھ کرمیکے آگئی تھی جس پر ملزم نے ماں بیٹی کو گھر میں گھس کر قتل کردیا ۔