خوبصورت دادی اماں کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

خوبصورت دادی اماں کی تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی

روم :’دادی اماں‘ کے الفاظ سنتے ہی ذہن میں ایک بوڑھی خاتون کا تصور ابھرتا ہے جس کے چہرے پر جھریاں ہوں اور چھڑی کے سہارے کے بغیر چلنا بھی ممکن نہ ہو۔ سربیا سے تعلق رکھنے والی 47 سالہ خاتون زاکلینا بھی دادی اماں ہیں، لیکن ایسی خوبرو اور دلکش کہ نوجوان لڑکیاں بھی دیکھیں توشرماجائیں۔
دی مرر کی رپورٹ کے مطابق زاکلینا ایک فیشن بلاگر ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کی خوبصورتی، تروتازگی اور چاق و چوبند جسم کی تصاویر نے ہلچل مچارکھی ہے۔ ان کے سٹائل اور فیشن نے تو نوجوان ماڈلز کو بھی پریشانی میں مبتلا کررکھا ہے۔

زاکلینا کہتی ہیں کہ انہوں نے اپنی زندگی کے کئی سال سوئٹزرلینڈ، فرانس اور پولینڈ سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں گزارے ہیں، اور ان سب جگہوں کے فیشن کی جھلک ان کے لباس اور میک اپ میں نظر آتی ہے۔ آج کل وہ اٹلی میں مقیم ہیں۔

سوشل میڈیا پر زاکلینا کے فالوورز کی تعداد ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہے، جو ہمیشہ ان کی نئی اور تازہ ترین تصاویر کے منتظر رہتے ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ فیشن بلاگنگ کے بعد ان کا پسندیدہ ترین مشغلہ سیر و سیاحت ہے اور وہ عموماً اپنی 28سالہ بیٹی کے ساتھ گھومنے پھرنے جاتی ہیں۔

زاکلینا کی خوبصورتی کا چرچا عام ہونے کے بعد ان کی مقبولیت اس قدر بڑھ گئی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کی دنیا میں ایک سلیبرٹی کی حیثیت اختیار کر گئی ہیں.