ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان ہوگیا

ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے قومی ٹیم کا اعلان ہوگیا

کراچی : پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ٹوئنٹی میچوں کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کر دیا۔ پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے نوجوان کھلاڑی شاہین آفریدی ، حسین طلعت اور آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ کے آغاز میں پاکستان کا دورہ کر رہی ہے ، اس دورہ میں تین ٹوئنٹی میچز شامل ہیں جو کہ یکم ، 2 اور 3 اپریل کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
ان تین میچوں کے لئے پی سی بی نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے نام جاری کر دیے۔ ان کھلاڑیوں میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، شعیب ملک، احمد شہزاد،  فخر زمان ، بابر اعظم ، فہیم اشرف، محمد نواز ، حسن علی ، شاداب خان ، محمد عامر ، عثمان شنواری، راحت علی جبکہ پی ایس ایل میں شاندار کارکردگی دکھانے والے شاہین آفریدی ، حسین طلعت اور آصف علی شامل ہیں۔ تاہم قومی کرکٹر رومان رئیس اور عماد وسیم ان فٹ ہونے کی وجہ سے سیریز سے باہر ہیں ، جبکہ محمد حفیظ کو سریز سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔