ایران نے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعاون کے فروغ کو ترجیح دی ہے: حسن روحانی

ایران نے ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعاون کے فروغ کو ترجیح دی ہے: حسن روحانی

تہران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ سیاسی، سیکیورٹی اور اقتصادی لحاظ سے علاقے کے ملکوں کے ساتھ تعلقات کی تقویت اور فروغ ایرانی حکومت کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے علاقے میں امن و استحکام کی تقویت کے لئے علاقے کے ملکوں کے ساتھ تعاون کے فروغ کے راستے میں ہمیشہ قدم بڑھایا ہے۔ انہوں نے شام کے بحران کے حل کے لئے ایران، روس اور ترکی کے آئندہ سربراہی اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس طرح کے اجلاس علاقے اور دنیا کے ملکوں کے ساتھ ایران کے تعلقات میں زیادہ سے زیادہ استحکام کا باعث بنیں گے۔

حسن روحانی نے مزید کہا کہ دنیا میں آج تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیاں ایران کے امن و استحکام، اتحاد اور ایران کی ترقی و پیشرفت پر منفی اثر مرتب نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے مجریہ، مقننہ اور عدالیہ کے مشترکہ سربراہی اجلاس کے ایجنڈے کے بارے میں کہا کہ اس اجلاس میں ملک کی ایک ضرورت کے طور پر قومی اتحاد و وحدت نظر پر زور دیا گیا۔

واضح رہے کہ ایران کی مجریہ، مقننہ اور عدلیہ کے سربراہوں کا مشترکہ اجلاس صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کی میزبانی میں پیر کی صبح منعقد ہوا۔