جدید ترین سہولیات سے آراستہ پاکستان کے سب سے بڑے ایئرپورٹ کا افتتاح جلد ہوگا

جدید ترین سہولیات سے آراستہ پاکستان کے سب سے بڑے ایئرپورٹ کا افتتاح جلد ہوگا

اسلام آباد: جدید ترین سہولیات سے آراستہ پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ آئندہ ماہ 20 اپریل سے کام شروع کر دے گا۔

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر موجود تمام اداروں کو اپنے دفاتر 31 مارچ تک نئے ایئرپورٹ پر منتقل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی عمارت کو جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے جہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔ ایئرپورٹ پر مسافروں کی سہولت کے لیے 3 شاپنگ مالز، گالف کورس، سینما گھر، بڑا ہسپتال، کنونشن سینٹر، ڈیوٹی فری شاپس اور ریسٹورنٹ بھی موجود ہیں۔

نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے تین کلومیٹر سے زائد طویل ہے جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے جہاں اے تھری ایٹی سمیٹ دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔

پاکستان کے سب سے بڑے ایئرپورٹ کو محفوظ بنانے کے لیے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے 4 ہزار جوان اور رینجرز کے دستے تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ جدید ترین لیزر سیکیورٹی سسٹم بھی نصب کیا گیا ہے۔