عامر لیاقت کا مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

عامر لیاقت کا مہوش حیات اور فہد مصطفیٰ کیخلاف عدالت جانے کا اعلان
مہوش حیات اور عامر لیاقت کے درمیان تنازعہ کی ابتدا مہوش حیات کو تمغہ امتیاز سے نوازے جانے کے اعلان کے بعد ہوئی تھی۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: پاکستانی اینکرعامرلیاقت حسین نے اداکارہ مہوش حیات، فہد مصطفیٰ، فلم ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ کے ہدایت کارنبیل قریشی اورپروڈیوسر فضا علی مرزا کو عدالت میں گھسیٹنے کا اعلان کیا ہے۔


عامر لیاقت نے ٹوئٹر پر مہوش حیات، فہد مصطفیٰ اورف لم ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ کی ٹیم کو عدالت میں گھسیٹنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہوش حیات کو تمغہ ملا یہ وہ جانیں، فی الحال تو نبیل قریشی، فضا مرزا، فہد مصطفیٰ اور مہوش حیات ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ کے حوالے سے جلد عدالت کا سامنا کریں گے۔ عامر لیاقت نے پاکستان کے دیگر باصلاحیت اداکاروں کے بجائے مہوش حیات کو تمغہ امتیاز سے نوازے جانے پر بھی غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تمغہ امتیاز ملتے وقت اعلان میں جب یہ کہا گیا کہ مہوش حیات نے پاکستان میں سب سے زیادہ فلموں اور ڈراموں میں کام کیا تو سوچیے فنکاروں پر کیا گزری ہو گی؟۔

خیال رہے کہ اداکارہ مہوش حیات اور عامر لیاقت کے درمیان تنازعہ کی ابتدا مہوش حیات کو تمغہ امتیاز سے نوازے جانے کے اعلان کے بعد ہوئی تھی۔ سوشل میڈیا صارفین نے مہوش حیات کو تمغہ امتیاز ملنے کے اعلان کے بعد شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا جس پر مہوش حیات نے تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا آپ لوگ اس طرح اپنے ملک کے فنکاروں کی کامیابیوں کا جشن مناتے ہیں انہیں بلاوجہ تنقید کا نشانہ بناکر بہت شرم کی بات ہے۔

مہوش حیات کو یہ تنقید اس وقت الٹی پڑگئی تھی جب عامر لیاقت نے انہیں آئینہ دکھاتے ہوئے کہا تھا آپ کی فلم ’’لوڈ ویڈنگ‘‘ میں نہ صرف میرے کردار کو غلط انداز میں پیش کیا گیا بلکہ مجھے بدنام بھی کیا گیا بطور فنکارہ آپ اس بکواس کو روکنے میں ناکام رہیں لہٰذا مجھے آپ پر مقدمہ نہیں کر دینا چاہئے؟۔