ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 1090 ہو گئی

ملک بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 1090 ہو گئی
کیپشن: متاثرین کی مجموعی تعداد سندھ میں 413 ہو گئی، محکمہ صحت سندھ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: ملک میں سب سے زیادہ کیسز سندھ میں سامنے آئے ہیں جہاں تعداد 413 ہے جبکہ اس کے بعد پنجاب میں 323 کیسز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

بدھ کو بھی ملک میں کورونا وائرس کے نئے کیسز کے آنے کا سلسلہ جاری رہا اور سندھ، پنجاب، بلوچستان، اسلام آباد اور گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا میں نئے کیسز ریکارڈ ہوئے۔

محکمہ صحت سندھ کے ترجمان میران یوسف نے صوبے میں مزید 3 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد سندھ میں 413 ہوگئی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں آنے والے کیسز میں کراچی میں 3 نئے افراد متاثر ہوئے۔

متاثرین کی تفصیل سے متعلق انہوں نے بتایا کہ 147 کیسز کراچی اور ایک دادو سے ہے جبکہ 14 مریض صحت یاب اور ایک انتقال کرچکا ہے۔

اس کے علاوہ میران یوسف کا کہنا تھا کہ زیر علاج ان 133 کیسز میں سے 94 کیسز مقامی سطح پر منتقل ہونے کے ہیں۔

ایران سے سکھر آنے والے زائرین کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اب تک 265 افراد میں مثبت جبکہ 3 ہزار 149 میں منفی نتائج آئے۔پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 27 کیسز سامنے آئے جس کے بعد وہاں تعداد 323 ہوگئی۔

محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان قیصر آصف کا کہنا تھا کہ صوبے میں مزید 16 افراد میں کورونا کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ترجمان کے مطابق ان افراد میں 176 زائرین ہیں جبکہ باقی 77 کا تعلق لاہور، 21 گجرات، 8 گوجرانوالہ، 19 جہلم، 3 ملتان، 2 راولپنڈی، 2 فیصل آباد اور ایک ایک فرد کا تعلق منڈی بہاالدین، نارووال، رحیم یار خان، سرگودھا سے ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام تصدیق شدہ کیسز کو آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔بعد ازاں رات کو ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ نے مزید 11 کیسز کا اضافہ ہونے کا بتایا۔

انہوں نے کہا کہ ان افراد میں 176 زائرین ہیں جبکہ باقی 80 کا تعلق لاہور، 21 گجرات، 8 گوجرانوالہ، 19 جہلم، 7 ملتان، 4 راولپنڈی، 3 فیصل آباد اور ایک ایک فرد کا تعلق منڈی بہاالدین، نارووال، رحیم یار خان، سرگودھا اور اٹک سے ہے۔ادھر ترجمان بلوچستان حکومت نے بتایا کہ پہلے بتایا کہ صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 115 ہوگئی۔

ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شہوانی کا کہنا تھا کہ تفتان قرنطینہ مرکز میں مقیم 5 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ ایران سے آنے والے افراد میں 2 زائرین اور 3 دیگر افراد کے نتائج مثبت آئے۔ بعد ازاں بلوچستان میں مزید 4 کیسز سامنے آئے۔چیف سیکریٹری بلوچستان فاضل اصغر نے کوئٹہ میں صحافیوں کو بتایا کہ صوبے کے کیسز کی تعداد 121 ہو گئی ہے۔

علاوہ ازیں خیبرپختونخوا میں بھی مزید 43 کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 121 ہوگئی۔کورونا وائرس سے متعلق یومیہ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ خیبرپختونخوا میں مزید 2 کیسز میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔قبل ازیں خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سامنے آیا تھا۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے تصدیق کی اور بتایا کہ صوابی سے تعلق رکھنے والے فرد میں نوول کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا، جس کے بعد یہ شہر کا پہلا کیس ہوگیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ مریض رواں ماہ کے اوائل میں دبئی سے آیا تھا اور انہیں لاہور کے ہسپتال میں آئیسولیشن وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔بعد ازاں محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے مزید 41 کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 121 ہوگئی ہے۔

 اسلام آباد میں 5 اور گلگت بلتستان میں مزید ایک کیس رپورٹ ہوا۔ جس کے بعد اسلام آباد میں متاثرین کی تعداد 20 جبکہ گلگت بلتستان میں 81 ہوگئی ہے جبکہ ملک میں مجموعی تعداد 1090 تک جا پہنچی ہے۔