کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں کرکٹ برادری بھی مدد کیلئے سامنے آ گئی

کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں کرکٹ برادری بھی مدد کیلئے سامنے آ گئی

لاہور :  کورونا وائرس کیخلاف جنگ میں کرکٹ برادری بھی مدد کیلئے سامنے آ گئی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) اور بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے صدر نے بھی خطیر رقم عطیہ کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی کے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں نے کورونا وائرس کیخلاف جنگ کیلئے رقم عطیہ کرنے کا اعلان کیا جبکہ 27 بنگلہ دیشی کرکٹرز نے بھی اپنی حکومت کو کورونا وائرس فنڈ میں آدھی تنخواہ دیدی اور کل 31 لاکھ ٹکا عطیہ کئے گئے جو ٹیکس کٹوتی کے بعد 26 لاکھ رہ جائیں گے۔

کرکٹ بورڈ کے ایک عہدیدار نے کہاکہ کورونا وائرس کی روک تھام کے عمل میں لاکھوں افراد کی بے روزگاری سمیت کئی طرح کے مسائل پیش آئیں گے،اس مشن میں ہر شہری کو کردار ادا کرنا چاہیے، بنگلہ دیشی کرکٹرز کورونا وائرس سے بچاﺅ کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے سوشل میڈیا پر مسلسل پیغامات بھی جاری کر رہے ہیں۔

دوسری جانب بی سی سی آئی کے صدر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر سارو گنگولی نے حفاظتی انتظامات کے تحت سکولوں میں رکھے جانے والے ہزاروں افراد کو مفت چاول دینے کیلئے 50 لاکھ روپے کی خطیر رقم عطیہ کردی جبکہ ویسٹ بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن نے 25 لاکھ روپے دئیے ہیں، سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ضرورت مندوں کا خیال رکھنا ہم سب کا فرض ہے۔