سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پرپیپلز پارٹی نے اچھا نہیں کیا: مسلم لیگ ن 

سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پرپیپلز پارٹی نے اچھا نہیں کیا: مسلم لیگ ن 
کیپشن: سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر،پیپلز پارٹی نے اچھا نہیں کیا: مسلم لیگ ن 
سورس: file

لاہور: پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی کی طرف سے سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے درخواست دینے پر مسلم لیگ ن کا باقاعدہ رد عمل سامنے آگیا ہے۔ 

لاہور میں جاتی امرا کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اس عمل سے پی ڈی ایم کے اتحاد کودھچکا لگا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے ایسا نہیں کیا جانا چاہئے تھا۔پیپلزپارٹی کیلئے یہ عہدہ اگر انتہائی ناگزیر تھا تو وہ نوازشریف سے بات کرتے۔نوازشریف انہیں یہ عہدہ بخوشی دے دیتے۔

احسن اقبال  کا کہنا ہے کہ جس نے پی ڈی ایم کے مقاصد سےبیوفائی کی اسے قیمت ادا کرنا ہوگی۔وہ چیئرمین سینیٹ جس کیخلاف دھاندلی سے جیتنے کا عدالت میں کیس ہے۔اسی کے پاس اپوزیشن لیڈرسینیٹ کیلئےدرخواست لے کر جانا بہتر نہیں۔ اے این پی نے بھی اگریہ فیصلہ اپنے طور پر کیا ہےتواس پر سوال اگلے اجلاس میں کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ عوام کی خواہش ہے ملک میں معیشت مستحکم رہے۔ عوام چاہتے ہیں ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے۔ پی ڈی ایم پاکستان کے 22کروڑ عوام کی نگاہوں کا مرکز ہے۔ پاکستان کے عوام، محنت کش جانتے ہیں ان کا مستقبل ملک کے آئین سے وابستہ ہے۔عوام ملک سے مسائل کا خاتمہ چاہتے ہیں۔مسلم لیگ (ن) پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے نااہل حکومت کیخلاف آواز بلند کرتی رہے گی۔

مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اس معاملے کو پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں رکھیں گے۔پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس جو فیصلہ کرے گا وہی ہمارا فیصلہ ہوگا۔