ہمیں عمران خان کی جان عزیز، اجلاس کے شرکاءکو احتیاط برتنی چاہئے تھی: فردوس عاشق اعوان

ہمیں عمران خان کی جان عزیز، اجلاس کے شرکاءکو احتیاط برتنی چاہئے تھی: فردوس عاشق اعوان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ہمیں عمران خان کی جان عزیز ہے، گزشتہ روز وزیراعظم کے ساتھ اجلاس کرنے والے شرکاءکو احتیاط برتنی چاہئے تھی۔ 
تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومت ویکسین سے متعلق مفروضوں کی زد میں ہے، لیکن عوام ویکسین کی سہولت سے مستفید ہوں، ہمیں عمران خان کی جان عزیز ہے، وزیراعظم کے کل کے اجلاس میں شریک ہونے والے افراد کو احتیاط برتنی چاہیے تھی۔
مریم نواز کی نیب عدالت میں پیشی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہریسہ کھا کر نیب پر حملہ کرنے کا منصوبہ تھا لیکن نیب کی پریس ریلیز نے راجکماری کے عزائم پر پانی پھیر دیا، نیب کی گزشتہ پیشی پر مریم نواز پھولن دیوی بن کر آئیں، وہ سمجھ رہی ہیں کہ کوئی فلم چل رہی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز کو نااہل کیا گیا اور سزا دی گئی، مریم نواز ناصر لوتھا کے بارے میں بھی کچھ فرمائیں جو ان کیخلاف نیب میں اعترافی بیان دے چکے ہیں، تین بار وزیراعظم ہاؤس کے مزے لوٹنے والی مریم نواز جوابدہ ہیں۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو دکھائی سجی اور ماری کھبی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے پنجاب کے بلدیاتی اداروں کو بحال کرنے سے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام جمہوریت کی نرسری ہے، حکومت پنجاب بلدیاتی نظام سے متعلق فیصلے پر حکمت عملی اپنانے جا رہی ہے اور اس حوالے سے قانونی ٹیم سے مشاورت بھی جاری ہے۔