عماد وسیم پسند و ناپسند کی بھینٹ چڑھ گئے، انہیں ضائع نہیں کرنا چاہئے: عاقب جاوید

عماد وسیم پسند و ناپسند کی بھینٹ چڑھ گئے، انہیں ضائع نہیں کرنا چاہئے: عاقب جاوید
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کو پسند و ناپسند کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ہے، ایسے آل راؤنڈر کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ عماد وسیم گزشتہ 7 ، 8 سال سے کرکٹ کھیل رہا ہے اور وائٹ بال کرکٹ میں اس کا شمار چوٹی کے تین یا چار باؤلرز میں ہوتا ہے، اس میں ٹیلنٹ بھی بہت ہے بلکہ میرے خیال میں تو اسے وائٹ بال ٹیم کا کپتان ہونا چاہئے تھا مگر اسے پسند و ناپسند کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔ 
عاقب جاوید نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سارا سال ڈومیسٹک کرکٹ کرواتے ہیں مگر قومی ٹیم کی سلیکشن کے وقت کارکردگی دکھانے والوں کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے، چیف سلیکٹر کی پسند نا پسند ہوتی ہے اور اب تو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی کارکردگی کی بنیاد پر ٹیمیں بنائی جا رہی ہیں، ٹی 20 کی کارکردگی پر ون ڈے اور ٹیسٹ کی سلیکشن ہوتی ہے، ذمہ داروں کو سوچنا چاہیے کہ اس نظام سے کرکٹ کیسے ٹھیک ہوگی۔
سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کا کور گروپ بہت تگڑا ہے، محمد حفیظ، فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی سمیت پاکستانی کھلاڑی بہت زبردست ہیں، چار باؤلرز 150 سے زائد رفتار کیساتھ گیند کرتے ہیں، پانچواں باؤلر اگر راشد خان آجاتا ہے تو لاہور قلندرز کی بہت بڑی باؤلنگ سائیڈ ہے،غیر ملکی کھلاڑی اگر سارے کے سارے آتے ہیں تو ہمارا کمبی نیشن بہت ہی اچھا ہوگا۔