ملک بھر میں 50 سال اور زائد عمر افراد کی کورونا ویکسین رجسٹریشن کب شروع ہو گی؟ اسد عمر نے اعلان کر دیا

ملک بھر میں 50 سال اور زائد عمر افراد کی کورونا ویکسین رجسٹریشن کب شروع ہو گی؟ اسد عمر نے اعلان کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: پاکستان میں 50 سال اور زائد عمر افراد کو کورونا ویکسین لگانے کیلئے رجسٹریشن کا اعلان کر دیا گیا ہے جبکہ ویکسی نیشن کا عمل اپریل سے شروع کر دیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اور کورونا سے بچاؤ کے ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے کہا ہے کہ 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کیلئے رجسٹریشن کا عمل 30 مارچ سے شروع ہو گا جبکہ 60 سال سے زائد عمر کے افراد کو کورونا سے بچاؤ  کی ویکسین لگانے کیلئے رجسٹریشن کا عمل پہلے ہی جاری ہے۔ 
اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان چین سے مزید 70 لاکھ کورونا ویکسین ڈوز خرید رہا ہے جو ملک میں 50 سال کی عمر کے افراد کی ویکسی نیشن کیلئے استعمال کئے جائیں گے اور یہ عمل اپریل سے شروع ہوجائے گا، 70 لاکھ کورونا ویکسین کی ڈوز اپریل میں پاکستان پہنچے گی جس کے بعد اپریل کے دوسرے ہفتے سے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کی ویکسین کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے مزید بتایا کہ پاکستان نے چین سے سائنو فارم اور کین سینو ویکسین خریدی ہے، پہلے خریدی گئی ویکسین کی دو کھیپ رواں ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچیں گی جبکہ رواں ماہ 10 لاکھ سائنو فارم ویکسین کی ڈوز بھی آئیں گی اور اس کے علاوہ پاکستان نے 60 ہزار کین سائینو ویکسین بھی خریدی ہے، یورپ کی اپنی مینوفیکچرنگ وہاں کی عوام کیلئے پوری نہیں ہو رہی ہے جس کی وجہ سے بھارت پر دباؤ بڑھنے کے باعث ایشیائی ممالک کو دی جانے والی سپلائی متاثر ہو سکتی ہے۔
انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ قبل ازیں گزشتہ سال گاوی نے پاکستان کو مارچ میں ایک کروڑ 70 لاکھ ویکسین کی خوراکیں فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن بھارت نے تمام ایشیائی ممالک کو ویکسین برآمد کرنے کا عمل روک دیا ہے اور پاکستان کو بھارت کی جانب سے ملنے والی ویکسین جون تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ اپریل میں ملنے والی 70 لاکھ خوراکوں میں سے 40 لاکھ تیار خوراکیں ہیں اور لوگوں کو اس کے شاٹ لگائے جائیں گے جبکہ 30 لاکھ خوراکیں خام مال کی صورت میں پاکستان کو ملیں گی، پیکنگ میں ملنے والی یہ خام مال ویکسین قومی ادارہ صحت کو دی جائے گی جبکہ 60 ہزار کین سائینو ویکسین سنگل شاٹ ویکسین ہوں گی۔