’پب جی موبائل‘ نے ایک ارب ڈاؤن لوڈز کا سنگ میل عبور کر لیا

’پب جی موبائل‘ نے ایک ارب ڈاؤن لوڈز کا سنگ میل عبور کر لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: چینی کمپنی ’ٹینسنٹ‘ کی موبائل فون ایکشن گیم ’پب جی‘ چین کے باہر مجموعی طور پر ایک ارب ڈاؤن لوڈز کا سنگ میل عبور کر کے دنیا بھر کے کامیاب ترین گیمز میں شامل ہو گئی ہے۔ 
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق پب جی موبائل (پلیئرز ان ناؤن بیٹل گراﺅنڈز) کا موبائل ورژن ہے جس کے ایک راؤنڈ میں زیادہ سے زیادہ 100 کھلاڑی چار، چار افراد کے گروپس کی صورت میں ایک میدان میں اترتے ہیں اور ایک دوسرے سے اس وقت تک لڑتے ہیں جب تک صرف ایک ٹیم یا کھلاڑی باقی نہیں رہ جاتا ہے۔
یہ آن لائن گیم تین سال قبل لانچ ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے شہرت کی بلندیوں پر جا پہنچی۔ پب جی موبائل کے ڈاؤن لوڈز کے حالیہ اعداد و شمار کے بعد یہ اب ’سب وے سرفر ‘ اور ’کینڈی کرش ساگا‘ سے ہی پیچھے ہے۔ ڈیٹا اینالیٹکس فرم سینسر ٹاور کے مطابق مذکورہ دونوں گیمز کھیلنے میں آسان ہیں اور لوگوں کی بہت بڑی تعداد انہیں پسند کرتی ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ پب جی گیم بنانے والی کمپنی ’ٹینسنٹ‘ ریونیو کے لحاظ سے دنیا کی سب سے بڑی ویڈیو گیمز کمپنی بھی ہے جس کا چین میں اسی طرح ایک اور گیم’ پیس کیپر ایلیٹ‘ بھی ہے۔ کمپنی کے مطابق ان کے 2 ہٹ گیمز ’اونر آف کنگز‘ اور پب جی موبائل اسی سہ ماہی میں چین اور بین الاقوامی مارکیٹس میں بالترتیب ٹاپ رینکنگز میں رہے۔