ناراض ارکان تحریک انصاف کا بھی یوٹرن ،کھیل کا پانسہ پلٹ گیا 

Pakistan Cabinet meeting, National Assembly

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس کے بعد وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ملکی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کل اسلام آباد میں کرکے دکھائیں گے، عوام تحریک انصاف اور اپوزیشن کے جلسے کا موازنہ کرلیں ،ناراض ارکان اسمبلی واپس آنا شروع ہوگئے ہیں ،چار آج اعلان کردیں گے،ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ نے بھی اپنی واپسی کا کہہ دیا ہے ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ لاکھوں لوگوں کا سمندر اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہے ،گلگت بلتستان کے لوگ اتنی دور سے اسلام آباد کم ہی آتے تھے ،گلگت بلتستان سے بیس کلومیٹر کا جلوس اسلام آباد آیا ہے ،چوہوں کے خلاف عوام نکلے ہیں ،پاکستان کی خارجہ پالیسی آزاد ہے تو عوام عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں ،عدالتوں کی ہدایات پر عمل کریں گے کوئی سڑک بند نہیں ہوگی ۔

فوا د چوہدری نے کہا دس لاکھ لوگ اسلام آباد میں ہوں گے، خیبر پختونخوا، پنجاب، کراچی، بلوچستان سمیت پورا ملک تحریک انصاف کے رنگوں میں رنگا ہے، انکا کہنا  تھا کہ تحریک عدم اعتماد لانے والوں نے چوری چھپے رشوت کے پیسے استعمال کر کے لوگوں کو خریدنے کی کوشش کی، پاکستان کے عوام کل کے جلسے میں اس تمام عمل کو مسترد کریں گے، فواد چوہدری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد آج پاکستان کی خارجہ پالیسی عمران خان کی وجہ سے آزاد ہے، پاکستانی معیشت کا پہیہ چلنا شروع ہوا ہے، پاکستان کے عوام ملکی ترقی کے خلاف سازش کرنے والوں کی سازش ناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا انشاء اللہ یہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع ہوگا، جلسے کرنا تام جماعتوں کا حق ہے، لوگوں کو جلسوں کا موازنہ بھی مل جائے گا، تمام چوروں کو چیلنج ہے کہ وہ اکٹھے ہو کر جلسہ کریں تاکہ لوگوں کو بھی پتہ چل سکے، وزیر اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے دو اراکین نے کہا ہے کہ انہوں نے پارٹی ضابطہ کی خلاف ورزی نہیں کی، ایک رکن سے اسد عمر کی میٹنگ ہے، ان کا جواب بھی آ جائے گا، امید ہے چار ایم این ایز کا جواب آج ہی آ جائے گا، ایم کیو ایم سے ملاقات ہو گئی ہے، آج ق لیگ سے ہو رہی ہے، رات کو دوبارہ اسد عمر، پرویز خٹک اور عمران اسماعیل کی ایم کیو ایم سے ملاقات ہوگی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا چار ناراض ارکان اسمبلی آج پی ٹی آئی میں واپسی کا اعلان کردیں گے،ڈاکٹر افضل ڈھانڈلہ نے اپنی واپسی کا کہا ہے،ایک ناراض رکن کی آج اسد عمر سے ملاقات ہے وہ بھی واپس آجائیں گے۔