ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا

ملک میں عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کردیا گیا
کیپشن: فوٹو بشکریہ سوشل میڈیا

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین نے 25 جولائی کو ملک میں عام انتخابات کروانے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی دن ہوں گے، صدر مملکت نے الیکشن کمیشن کی بھیجی گئی سمری پر تاریخ کی منظوری دے دی ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ کے لیے صدر مملکت کو سمری بھجوائی تھی۔ الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کو 24 سے 27 جولائی کی تاریخیں تجویز کر دیں گئیں۔

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 2018 کے عام انتخابات بھی ماتحت عدلیہ کی زیر نگرانی کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے اعلامیے میں کہا گیا کہ 2018 کے عام انتخابات میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی ماتحت عدلیہ کے جوڈیشل افسران سے کی جائے گی۔

الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 50 اور 51 کے تحت کمیشن نے رجسٹرار ہائی کورٹس سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اور سول ججز کی فہرستیں بھی مانگی تھیں۔ ہائیکورٹس کی طرف سے فراہم کی گئی فہرستوں کے مطابق جوڈیشل افسران کو عام انتخابات 2018 میں ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر، ریٹرنگ اور اسسٹنٹ ریٹرنگ افسر تعینات کیا جائے گا۔