محبت ،امن اور مفاہمت ہتھیاروں سے کہیں زیادہ طاقت ور ہے، مریم نواز

محبت ،امن اور مفاہمت ہتھیاروں سے کہیں زیادہ طاقت ور ہے، مریم نواز
کیپشن: Image Source: Maryam nawaz Twitter Account

لاہور :  مریم نواز نے  پی ٹی ایم اور پاک فوج کے جوانوں میں ہونی والی جھڑپ پر کہا ہے کہ محبت ،امن اور مفاہمت ہتھیاروں سے کہیں زیادہ طاقت ور ہے، سیاسی و صحافتی حلقوں سمیت ریاست کے تمام اداروں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا۔


تفصیلات کے مطابق ،پی ٹی ایم اور پاک فوج کے جوانوں میں ہونی والی جھڑپ کے حوالے سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا موقف سامنے آگیا ہے۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ہر پاکستانی کی جان قیمتی اور مقدس ہے ، خون بہے تو حقائق قوم کے سامنے آنے چاہییں ، محبت ،امن اور مفاہمت ہتھیاروں سے کہیں زیادہ طاقت ور ہے ، کیا ہم احتجاج کچلنے اور آوازیں دبانے کی بھاری قیمت ادا نہیں کر چکے؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان اندرونی طور پر کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا ، اللہ پاکستان پر رحم کرے، دونوں طرف جب پاکستان کے بیٹے ہیں تو سیاسی و صحافتی حلقوں سمیت ریاست کے تمام اداروں کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہو گا ورنہ پاکستان کو ایک بار پھر ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔


خیال رہے کہ پاک فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محسن داوڑاور علی وزیر کی قیادت میں ایک گروہ نے شمالی وزیر ستان میں واقع پاک فوج کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 5اہلکار زخمی ہوئے ، جوابی کاروائی میں پی ٹی ایم کے تین کارکن مارے گئے۔