پی سی بی نے کھلاڑیوں کیلئے احتیاطی گائیڈ لائنز تیار کر لیں

پی سی بی نے کھلاڑیوں کیلئے احتیاطی گائیڈ لائنز تیار کر لیں

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کے لیے احتیاطی گائیڈ لائنز تیار کر لیں۔

پی سی بی آئی سی سی کی ہدایات کو مدنظر رکھتے ہوئے گائیڈ لائنز تیار کی گئی ہیں۔ گائیڈ لائنز کے تحت پی سی بی کھلاڑیوں کی ٹریننگ کا سلسلہ شروع کرے گا۔ٹریننگ کیمپ سے قبل پی سی بی حکومت سے بھی گائیڈ لائنز اور اجازت طلب کرے گا جبکہ پی سی بی کی جانب سے احتیاطی گائیڈ لائنز کھلاڑیوں کو بھجوا دی گئی ہیں۔پی سی بی کی جانب سے جون کے پہلے ہفتہ میں کرکٹ ٹریننگ شروع کرنے کا پلان ترتیب دیا گیا ہے اور کیمپ کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان عید کی چھٹیوں کے بعد کیا جائے گا۔ گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل درآمد کے ساتھ ٹریننگ پروگرام شروع کیا جائے گا۔

کھلاڑیوں کے رہنے اور تربیت کے لیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کو کورونا فری بنایا جائے گا جبکہ اکیڈمی میں ذمہ داریاں نبھانے والے اسٹاف کے کورونا ٹیسٹ بھی کرائے جائیں گے۔ کیمپ کے آغاز سے قبل تمام کھلاڑیوں کے بھی کورونا ٹیسٹ ہوں گے۔اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے شیڈول کا اعلان بھی کر چکا ہے۔25 جولائی کے بعد کھلاری انگلینڈ روانہ ہوں گے اور دورے کے اختتام تک وہیں موجود رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ آئندہ تین ماہ تک پاکستان کرکٹ ٹیم کو بائیو سیکیور انتظامات میں رہنا پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے کھلاڑیوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کی صحت اور حفاظت پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جب کہ کھلاریوں کے پاس دورے سے دستبرداری کا آپشن بھی موجود ہو گا۔