وزیراعظم آج لیہ کے لیے تاریخی ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے

وزیراعظم آج لیہ کے لیے تاریخی ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے

لاہور: وزیراعظم عمران خان آج لیہ جائیں گے ، 14 ارب روپے کے تاریخی ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے ۔

معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں ترقی و خوشحالی کے نئے سفر میں ضلع لیہ کو اسکا حق ملنے جارہا ہے ۔ وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار لیہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی کیلئے 14 ارب روپے سے زائد کا تاریخی ترقیاتی پیکج لے کر لیہ پہنچیں گے ۔

ٹویٹر پیغام میں فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں‏ یونیورسل ہیلتھ پروگرام ، مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال ، یونیورسٹی اور گرلز ڈگری کالج کا قیام ، کرکٹ اسٹیڈیم ، گریٹر تھل کینال منصوبہ ، دریائے سندھ پر لیہ تونسہ پل ، ریسکیو سروس ، روڈز ، نکاسی و فراہمی آب اور درجنوں منصوبے عوام کے زخموں پر مرہم اور لیہ کی ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہونگے ۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں اس قومی ادارے کی کارکردگی بہت اچھی رہی ہے ۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے اعداد و شمار کے ساتھ نیب کی کارکردگی پر کھل کر بات کی ۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور حکومت میں 2018ء سے اب تک قومی احتساب بیورو کی جانب سے چار سو چوراسی ارب روپے مالیت کی لوٹی رقم کو برآمد کرا لیا گیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ اس لئے ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کسی بھی مجرم کی پشت پناہی نہیں کرتی اور یہ کہ نیب کا ادارہ اپنے معاملات میں مکمل طور پر آزاد ہے، اسی لئے اس ادارے کی کارکردگی اچھی ہے ۔