پی ایس ایل 6 کیلئے بھارت اور جنوبی افریقہ کے براڈ کاسٹرز، آفیشلز اور کھلاڑیوں کو ویزے جاری

پی ایس ایل 6 کیلئے بھارت اور جنوبی افریقہ کے براڈ کاسٹرز، آفیشلز اور کھلاڑیوں کو ویزے جاری
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن کیلئے بھارت اور جنوبی افریقہ کے براڈکاسٹرز ، آفیشلز اور پلیئرز کے ویزے جاری کر دئیے گئے ہیں جو جلد ہی ابوظہبی روانہ ہو جائیں گے۔ 
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ بھارت سے ابوظہبی کیلئے سفر کرنے والے تمام 25 افراد کو ویزے جاری ہوگئے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ سے ابوظہبی کیلئے سفر کرنے والے مجموعی طور پر 27 میں سے 26 افراد کو ویزے جاری ہوئے ہیں۔
پی سی بی کے مطابق جنوبی افریقہ کے فاف ڈوپلیسی، ڈیوڈ ملر، ہرشل گبز، ریلی روسو، کیمرون ڈیلپورٹ، مائیکل سمتھ کے ویزے بھی جاری ہوگئے ہیں اور جلد ہی یہ تمام کھلاڑی ابوظہبی روانہ ہو جائیں گے جہاں قرنطینہ اختیار کرنے کے بعد ٹریننگ سیشن میں حصہ لیں گے اور پھر پی ایس ایل کو رونق بخشیں گے۔ 
پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع برنی نے نجی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے آفیشلز ، سپورٹ سٹاف براڈ کاسٹرز اور پلیئرز کو ویزے جاری ہو چکے ہیں جبکہ پاکستان میں موجود کچھ لوگوں کے ویزے آنا باقی ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ویزوں کے موصول ہوتے ہی پی ایس ایل کے 233 ممبرز پر مبنی سکواڈ کو آج رات یا کل صبح متحدہ عرب امارات (یو اے ای) روانہ کر دیا جائے گا جہاں تمام افراد قرنطینہ اختیار کریں گے۔ 
سمیع برنی نے کہا کہ پی ایس ایل کے شیڈول سے پہلے کچھ اہم چیزوں کو دیکھنا ہے جس میں مختلف وینیوز سے ٹریول کرنے والے لوگوں کا قرنطینہ بھی شامل ہے، یہ سب فائنل ہونے کے بعد پی ایس ایل کے شیڈول کا اعلان کردیا جائے گا۔