ایف بی آر نے آکسیجن گیس کی درآمد پر ٹیکس مراعات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا

ایف بی آر نے آکسیجن گیس کی درآمد پر ٹیکس مراعات کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: ملک میں کورونا وائرس کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے مزید اقدامات سامنے آ گئے ہیں اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے آکسیجن گیس کی درآمد پر ٹیکس مراعات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن میں آکسیجن گیس پر 17 فیصد سیلز ٹیکس کی چھوٹ دی ہے جس کا اطلاق 14 مئی 2021ءسے ہو گا جبکہ یہ چھوٹ 6 ماہ کیلئے جاری رہے گی، ملک میں آکسیجن گیس کی بلاتعطل فراہمی کیلئے ٹیکس چھوٹ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق آکسیجن گیس، سلنڈر، کرائیوجینک ٹینکس کی درآمد پر چھوٹ ہو گی، یہ آکسیجن میڈیکل مقاصد کیلئے درآمد ہو گی جس پر ٹیکس مراعات دی گئیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق آکسیجن گیس پر ٹیکس چھوٹ کی سفارش نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سینٹر (این سی او سی) نے کی تھی جس پر 17 فیصد سیلز ٹیکس کی چھوٹ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق ملک میں آکسیجن کی پیداواری صلاحیت میں یومیہ 303 ٹن کا اضافہ ہوا ہے جس کی بعد یہ صلاحیت 487 سے بڑھ کر 790 ٹن یومیہ ہوچکی ہے جبکہ ایف بی آر کی جانب سے آکسیجن گیس کی درآمد پر ٹیکس مراعات کورونا وائرس کے خلاف اقدامات دی گئی ہیں۔