الیکشن تاریخ سے متعلق وزیر اعظم شہباز شریف نے اہم اعلان کر دیا 

الیکشن تاریخ سے متعلق وزیر اعظم شہباز شریف نے اہم اعلان کر دیا 

اسلام آباد:وزیرا عظم شہباز شریف نے ایک طرف جہاں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو الیکشن کیلئے مذاکرات کی پیشکش کی وہیں انہوں نے عمران خان پر واضح کر دیا کہ اسمبلیاں اپنی مدت پوری کرینگی اس طرح جتھے لاکر الیکشن کیلئے ہمیں کوئی ڈکٹیٹ نہیں کر سکتا ۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں سابق وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کسی بھول میں نہ رہنا حکومت کی معیاد ایک سال 2 ماہ باقی ہے، اس جتھے کے سربراہ کو واضح کرتا ہوں تمہاری ڈکٹیشن نہیں چلےگی، یہ فیصلہ ایوان کرے گا کہ کب الیکشن کرانا ہے، اگر تمہارا خیال ہے کہ بلیک میل یا ڈکٹیٹ کرلو گے تو اپنے گھر میں کرو، بات چیت کے دروازے کھلے ہیں، میں کمیٹی بناسکتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آخری دنوں میں وسائل نہ ہونے پر بھی سبسڈی دیدی، اسے پچھلے ساڑھے 3 سال کیوں توفیق نہ ہوئی کہ غریب کو نوالہ دیتا، کشمیریوں کے خون کا احترام تھا تو کل کے بجائے کوئی اور دن چن لیتا، ان کو کشمیریوں کی کوئی پرواہ نہیں تھی یہ پتھر دل ہیں، جو شخص اتنا پتھر دل ہو وہ کیا کشمیریوں کا خیال کرے گا، یاسین ملک پر شور پوری دنیا میں تھا لیکن اسے پروا نہیں تھی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ گزشتہ حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کیا، عمران نیازی جاتے جاتے پٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کرکے بارودی سرنگ بچھا گیا ہے، ہماری ڈوبتی معیشت آج ہچکولے کھا رہی ہے، ہم سب مل کر معیشت کو ٹھیک کریں گے، معیشت کی بہتری کیلیے میں اور معزز ارکان دن رات محنت کر رہے ہیں، اب کسی فتنہ، انارکی اور دھرنوں کی گنجائش ہے۔