جاپان سے شکست ، پاکستانی ٹیم ہاکی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر 

جاپان سے شکست ، پاکستانی ٹیم ہاکی ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر 
سورس: File

جکارتہ : ایشیا ہاکی کپ میں جاپان سے 2-3 گول سے شکست کے بعد پاکستان ایک مرتبہ پھر ورلڈ کپ کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے۔ 

ہاکی فیڈریشن کے مطابق انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری ایشیا ہاکی کپ کے تیسرے میچ میں پاکستان اور جاپان کے درمیان سنسنی خیز میچ ہوا، تاہم جاپان کی ٹیم برتری ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

پی ایچ ایف کے مطابق کھیل کے 14ویں منٹ میں جاپان کی جانب سے ریوما اوکا نے فیلڈ گول کیا اور 15ویں منٹ میں اکیومی سیگی نے گول کرکے برتری دوگنا کردی۔

دوسرے کوارٹر کے 23ویں منٹ میں پاکستان کی جانب سے اعجاز احمد نے گول کیا جبکہ 27ویں منٹ میں جاپان کے تاکوما نیوا نے اپنی ٹیم کا اسکور 3 گول کردیا۔

کھیل کے 30ویں منٹ میں پاکستان کے مبشر علی نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے پاکستان کا خسارہ کم ضرور کیا لیکن کھیل کے اختتام تک مزید کوئی گول نہیں ہوا۔ دونوں ٹیمیں مزید گول کرنے میں ناکام رہیں اور یوں جاپان نے میچ 2 گول کے مقابلے میں 3 گول سے جیت لیا۔

پاکستان نے ابتدائی دونوں میچوں میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا تھا، بھارت کے خلاف پہلے میچ کے آخری لمحات میں گول کر کے میچ 1-1 سے برابر کردیا تھا جبکہ دوسرے میچ میں انڈونیشیا کو 0-13 کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔

جکارتہ کے جی بی کے اسپورٹس کمپلیکس ہاکی اسٹیڈیم میں جاپان کے خلاف شکست کے بعد پاکستان کے ہاکی ورلڈ کپ 2023 تک رسائی کی امیدیں بھی دم توڑ گئیں۔

ایشیا ہاکی کپ کے گروپ ’اے‘ میں جاپان سرفہرست ٹیم ہے جبکہ بھارت نے انڈونیشیا کو 0-16 سے شکست دے کر دوسری پوزیشن حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔

انڈونیشیا میں جاری ایشیا ہاکی کپ، ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائر کی حیثیت اختیار کرگیا جہاں مقابلوں کے بعد بھارت میں ہونے والے عالمی کپ کے لیے ایشیائی ٹیموں کی فہرست مکمل ہوگئی۔

بھارت 2023 کے ورلڈ کپ کے میزبان کی حیثیت سے براہ راست کوالیفائی کر چکا ہے، دیگر ٹیموں میں جاپان، جنوبی کوریا اور ملائیشیا نے ہاکی ورلڈ کپ میں اپنی جگہ پکی کرلی۔

مصنف کے بارے میں